پریرا اور میتھیوز نے بھارتی بیٹنگ کے بخیے ادھیڑ دیے

پیسرزکی3،3وکٹیں،سری لنکا نے دوسراون ڈے9وکٹ سے جیت کرسیریز برابر کردی


Sports Desk July 25, 2012
دوسرا ون ڈے: وکٹ لینے پر میتھیوزکوساتھی پلیئرز کی شاباشی، روہت وکٹ گنوانے پر مایوس۔ فوٹو ایکسپریس

تشارا پریرا اور انجیلو میتھیوز نے بھارتی بیٹنگ کے بخیے ادھیڑ دیے، سری لنکا نے دوسرا ون ڈے باآسانی9وکٹ سے جیت کر پانچ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، میزبان بولرز کی طوفانی بولنگ کے سامنے مہمان ٹیم 138 پر ڈھیر ہوگئی، گوتم گمبھیر65 کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے، پریرا اور میتھیوز نے3،3وکٹیں لیں،آئی لینڈرز نے ہدف محض ایک وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، دلشان اور اپل تھارنگا نے نصف سنچریاں بنائیں۔

تیسرا میچ ہفتے کو کولمبو میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ہمبنٹوٹا کی تیزہوائوں میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ بھارت کیلیے انتہائی ناخوشگوار ثابت ہوا اور ٹیم 33.3 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی، گمبھیر96 گیندوں پر 65رنز بناکر نمایاں رہے،روی چندرن ایشون(21)، سہواگ (15) اورکپتان دھونی (11) بھی دہرے ہندسے میں رسائی پانے میں کامیاب رہے۔

سنگاکارا نے وکٹوں کے عقب میں4 کیچز قابو کیے،سری لنکا نے 19.5 اوورز میں ایک وکٹ پر 139رنز بنالیے، اس طرح میزبان ٹیم نے 181 گیندیں قبل میچ کا فیصلہ اپنے حق میں کرلیا، یہ باقی رہنے والی بالزکے حساب سے بھارت کی دوسری بڑی شکست بنی، تھارنگا نے59 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ دلشان ایک موقع پانے کے بعد50 رنز بناکر ایشون کا شکار بنے۔