سول ایوی ایشن اسکول کے اساتذہ کا احتجاجی مظاہرہ

سول ایوی ایشن انتظامیہ اسکولوں کو خاموشی سے فروخت کرنا چاہتی ہے


Staff Reporter July 25, 2012
سول ایوی ایشن انتظامیہ اسکولوں کو خاموشی سے فروخت کرنا چاہتی ہے. فائل فوٹو

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کراچی میں چاروں اسکولوںکے اساتذہ نے منگل کو سول ایوی ایشن کے ہیڈآفس اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا، مظاہرین میں خواتین اساتذہ کی بھی بڑی تعداد شامل تھی، مظاہرین اسٹار گیٹ سے ایئرپورٹ ٹرمینل ون پر قائم ایوی ایشن کے ہیڈآفس پہنچے،مظاہرین کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن کے ا سکولوں کو فروخت نہیںکرنے دیا جا ئے گا،

مظاہرین میں قاری ضیا اللہ سیالوی، قاری عبدالصمد، سارہ ڈونلڈ، عارف محمود، ندیم غنی، سعدیہ اور امین سمیت دیگر نے مطالبہ کیا کہ ہمیں ایڈہاک کے بجائے اسکولوں میں مستقل ملازمتیں فراہم کی جائیں اور سول ایوی ایشن کے دیگر ملازمین کی طرح مراعات دی جا ئیں جو ہمارا بنیادی حق ہے ،

ان مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سول ایوی ایشن انتظامیہ ا سکولوں کو روٹس نامی غیر سرکاری تنظیم کو خاموشی سے فروخت کرنا چاہتی ہے جس پر اسکول کے اساتذہ اور طالب علم احتجاج اورمزاحمت کریں گے، بعدازاں مظاہرین پریس کلب پہنچے جہاں انھوں نے سول ایوی ایشن کے حکام کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ہمیں مستقل کیا جا ئے۔