دورے میں ٹال مٹول بنگلہ دیش کی دکھتی رگ پاکستان کے ہاتھ آ گئی

پی سی بی نے تاحال اپنے کسی کرکٹرکوپریمیئر لیگ کیلیے این اوسی جاری نہیں کیا


Saleem Khaliq December 14, 2012
پی سی بی نے تاحال اپنے کسی کرکٹرکوپریمیئر لیگ کیلیے این اوسی جاری نہیں کیا فوٹو: فائل

KARACHI: کافی عرصے سے دورے میں ٹال مٹول کرنے والے بنگلہ دیش کی بھی دکھتی رگ پاکستان کے ہاتھ آ گئی۔

پی سی بی نے تاحال اپنے کسی بھی کھلاڑی کو پریمیئر لیگ کیلیے این او سی جاری نہیں کیا،اس حوالے سے ڈیڈ لائن بھی ختم ہو چکی ہے،آئندہ ماہ شیڈول ایونٹ کے سلسلے میں پلیئرز کی نیلامی19 دسمبر کو ہونی ہے،افتتاحی ایڈیشن میں 20پاکستانی کرکٹرز نے شرکت کی تھی، ان میں شاہدآفریدی، محمد حفیظ اور سعید اجمل جیسے اسٹارز بھی شامل تھے، اگر پی سی بی نے پلیئرز کو اجازت نہ دی تو فکسنگ اور معاوضے کے مسائل میں الجھے ایونٹ کی تمام تر رونق ختم ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 10 سے 29 فروری تک منعقدہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے اولین ایڈیشن میں پاکستان کے سب سے زیادہ 20کھلاڑی ایکشن میں نظر آئے، ان میں عبدالرزاق، احمد شہزاد، اظہرمحمود، فیصل اقبال، حماد اعظم، عمران نذیر، کامران اکمل، خالد لطیف، محمد حفیظ، محمد سمیع، ناصر جمشید، رانانوید الحسن، قیصر عباس، رمیز راجہ، رضا علی ڈار، سعید اجمل، شاہدآفریدی، شاہ زیب حسن، سہیل تنویر اور یاسر عرفات شامل تھے، ایونٹ کے دوران کئی ناخوشگوار واقعات پیش آئے، کئی پلیئرز اب تک معاوضوں کو ترسے ہوئے ہیں جبکہ چند پاکستانی کرکٹرزکا نام میچ فکسنگ اسکینڈل میں بھی اچھالا گیا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پہلے پاکستان کو دورے کا سبز باغ دکھا کر آئی سی سی کی نائب صدارت مصطفیٰ کمال کو دلا دی۔

3

جب طے شدہ سیریز عدالتی فیصلے کی آڑ لے کر ملتوی ہوئی تو پی سی بی نے صبر کر لیا کہ مناسب وقت پر میچز کا انعقاد ہو جائے گا تاہم ٹال مٹول جاری رہی، مصطفیٰ کمال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ٹاپ آفیشل کا وزیٹنگ کارڈ بھی بنوانے میں کامیاب ہو گئے، چہرہ بدلا اور ان کی جگہ نظم الحسن بی سی بی کے صدر بن گئے، اس کے باوجود پاکستان سے دورے کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا،ذرائع کے مطابق اب ایسا لگتا ہے کہ پی سی بی کے صبرکا پیمانہ لبریز ہونے لگا، یہی وجہ ہے کہ پلیئرز این او سی کیلیے کہتے رہ گئے مگر ڈیڈ لائن گذرنے کے باوجود جاری نہیں کیا گیا، اگلی لیگ 18 جنوری سے شروع ہو گی جس کیلیے کھلاڑیوں کی نیلامی19دسمبر کو ہونی ہے، پاکستان کے سخت موقف نے بنگلہ دیش کو بھی پریشان کر دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی ٹھوس یقین دہانی ہی پاکستانی فیصلہ تبدیل کرا سکے گی۔