شاہراہ قائدین کی ازسر نو تعمیر مکمل گورنر سندھ نے افتتاح کیا

سڑک کے دونوں طرف سروس روڈ کو بھی نئے سرے سے بنایا گیا ہے،محمد حسین سید


Staff Reporter December 14, 2012
شاہراہ قائدین کی ازسرنو تعمیر کے بعد لی گئی تصویر جس کا افتتاح گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کیا۔ فوٹو: ایکسپریس

شاہراہ قائدین کی ازسر نو تعمیر کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بدھ کی شب اس کا فتتاح کردیا۔

42 کروڑ 10 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی اس سڑک کے دونوں ٹریک 48,48 فٹ چوڑے اور چارلین پر مشتمل ہیں جبکہ شارع فیصل تا سو سائٹی آفس اس سڑک کی کل لمبائی ڈیڑھ کلومیٹر ہے، اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی محمد حسین سید، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز الطاف جی میمن، ڈائریکٹر جنرل پارکس نیاز سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر منظور برنی، چیف انجینئر شہاب انور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے بتایا کہ اس سڑک کے دونوں طرف سروس روڈ کو بھی نئے سرے سے بنایا گیا ہے، سوسائٹی قبرستان کے قریب پولیس کمپلین سینٹر "15" اور دیگر رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا ہے اس طرح اب سروس روڈ بھی قابل استعمال ہیں، شاہراہ قائدین کی تعمیر کا کام مکمل ہونے کے بعد اس اہم شاہراہ پر پیدل سڑک عبور کرنے والوں کی سہولت کے لیے پیڈسٹرین برج کی تنصیب کا کام شروع کیا جا رہا ہے، سڑک کے درمیان سے گزرنے والے نالے کی دیواروں کو پختہ کرنے اور آر سی سی کورنگ کا کام بھی ساتھ ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔

7

ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید نے کہا کہ اس شاہراہ کی تعمیر میں آئندہ 20سال تک ٹریفک کی ضروریات اور اعلیٰ معیار کو پیش نظر رکھا گیا ہے تاکہ اپنی تکمیل کے بعد اس کا شمار کراچی کی بہترین اور کشادہ شاہراہوں میں کیا جائے کیونکہ شہر کی مرکزی شاہراہ ہونے کی وجہ سے یہاں ٹریفک کا دبائو بہت زیادہ ہے،انھوں نے کہا کہ اس شاہراہ کی تعمیر میں آئندہ 20 سال تک ٹریفک کی ضروریات اور اعلیٰ معیار کو پیش نظر رکھا گیا ہے اور 48-48 فٹ کی چار لین آنے اور چار لین جانے کے لئے تعمیر کی گئی ہیں جبکہ درمیان میں نیو جرسی بیریئرتعمیر کیے گئے ہیں۔