بلدیہ عظمیٰ کا الیکٹرانک چارجڈ پارکنگ شروع کرنے کا فیصلہ

شہری الیکٹرانک ڈیوائس کی مدد سے پارکنگ فیس ادا کرینگے،واپسی میں ڈیوائس سے نکلنے والی رسید کے ذریعے باہر آئیں گے


Staff Reporter December 14, 2012
شہری الیکٹرانک ڈیوائس کی مدد سے پارکنگ فیس ادا کرینگے،واپسی میں ڈیوائس سے نکلنے والی رسید کے ذریعے باہر آئیں گے فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ نے شہر کے مختلف مقامات پر الیکٹرانک چارجڈ پارکنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ خلاف ضابطہ کھڑی کی گئی گاڑیوں کو کلیمپ کرنے کے بجائے لفٹر کی مدد سے اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

باخبر ذرائع نے اس امر کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ نے کراچی میں مختلف مقامات پر الیکٹرانک چارجڈ پارکنگ شروع کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں حیدری ، کلفٹن اور صدر پارکنگ پلازہ میں الیکٹرانک پارکنگ شروع کی جائے گی جس کے تحت پارکنگ کے لیے آنے والی شہری الیکٹرانک ڈیوائس کی مدد سے پارکنگ فیس ادا کریں گے اور واپسی پر ڈیوائس سے نکلنے والی رسید کے ذریعے باہر نکل جائیں گے۔

6

اس فیصلے سے چارجڈ پارکنگ کی اضافی فیس کی وصولیابی کی شکایتیں کم ہوجائیں گی جبکہ یہ ڈیوائس براہ راست بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ آپریٹ کرے گی جس سے ادارے کی آمدنی میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوگا، زرائع کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ڈیوائس کا تجربہ دنیا کے بڑے شہروں میں کامیابی سے چل رہا ہے یہ پہلا موقع ہے کہ کراچی کو اس تجربے کو شروع کیا جارہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ جن مقامات پر الیکٹرانک چارجڈپارکنگ شروع کی جائے گی ان کے اطراف میں غیرقانونی پارک ہونے والی گاڑیوں کو کلیمپ کرنے کے بجائے لفٹر کی مدد سے اٹھاکر کسی دوسرے مقام پر پہنچادیا جائے گا ۔