کلفٹن سیوریج پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر کی منظوری دیدی گئی

27کروڑ70لاکھ کے فنڈز اور پی سی ون کی منظوری،تعمیراتی کام کا آغاز ایک ماہ میں ہوگا


Staff Reporter December 14, 2012
کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد برساتی پانی ایمپریس مارکیٹ کے سامنے کھڑا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

حکومت سندھ نے کلفٹن سیوریج پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر نو کے لیے 27کروڑ 70 لاکھ کے فنڈز اور پی سی ون کی منظوری دے دی ہے۔

توقع ہے کہ نئے پمپنگ اسٹیشن کے تعمیراتی کام کا آغاز ایک ماہ کے اندر ہو جائے گا،سول لائن تھانے سے متصل کلفٹن پمپنگ اسٹیشن باتھ آئی لینڈ، کلفٹن ، سول لائن ، اولڈ سٹی ایریا، آئی آئی چندیگر روڈ ، صدر، اور ملحقہ علاقوں کو سیوریج کی سہولیات فراہم کرتا ہے، ان علاقوں سے یو میہ 2 کروڑ 50لاکھ گیلن سیوریج پمپ کرکے سمندر برد کیا جاتا ہے۔

13

نومبر 2010میں سول لائن تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کے باعث مذکورہ پمپنگ اسٹیشن مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا جس کے بعد یہاں عارضی بنیادوں پر نکاسی آب کے انتظامات کیے گئے تاہم واٹر بورڈ کو عوامی توقعات کے مطابق سیوریج کی سہولیات کی فراہمی میں دشواری کا سامنا تھا اس لیے کہ واٹر بورڈ کے پاس نئے پمپنگ اسٹیشن کے قیام کے لیے فنڈز دستیاب نہیں تھے،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائر یکٹر مصباح الدین فرید نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشر ت العباد خان کو اس تمام صورتحال سے آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ نئے پمپنگ اسٹیشن کے قیام کے لیے واٹر بورڈ کے ساتھ تعاون کریں۔