قائم علی شاہ نے پولیس سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی

بھتہ خوری، پرچی مافیا اوردیگر جرائم پیشہ سرگرمیوں سے نمٹنے کیلیے موثر اقدامات کیے جائیں


Staff Reporter July 25, 2012
کراچی:وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہورہا ہے۔ فوٹو ایکسپریس

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت پیر کو امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوا اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری (داخلہ) سید سہیل اکبر شاہ، آئی جی پولیس سندھ فیاض لغاری، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد صدیق میمن ، ڈپٹی ڈی جی رینجرز بریگیڈیئر محمد رفیق خان ، کمانڈر آئی ایس آئی، کمانڈر ایم آئی، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی اقبال محمود، کمشنر کراچی روشن علی شیخ ، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی پولیس ، شرقی، غربی، جنوبی، کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنروں و دیگر نے بھی شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران جرائم پیشہ سرگرمیوں میں اضافے پر سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ ذمے داری ہے کہ وہ بھتہ خوری ، پرچی مافیا اور دیگر جرائم پیشہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کریں اور قانون کی طاقت اور بالادستی کے ذریعے ان جرائم پر قابو پایا جائے، انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی شہر میں امن و امان کی فضا کو ہر صورت میں بحال کیا جائے، پولیس اور رینجرز کے گشت میں اضافہ، بازاروں ، اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز پر سیکیورٹی کے موثر انتظامات کیے جائیں۔

انھوں نے پولیس کے تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو جرائم پیشہ سرگرمیوں سے متعلق انھیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دیے تاکہ مجرموں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے، وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ معصوم لوگوں کا قتل گھنائونا جرم ہے جس کو روکنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متاثرہ علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے،کراچی میں واقع قونصلیٹ اور غیر ملکی مشنز جبکہ غیر سرکاری تنظیمیں جو کہ نادار لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہیں،کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ مجرموں کے خلاف مقدمات کی تفتیش موثر طریقے سے کی جائے جبکہ پولیس اور رینجرز کے درمیان ہر سطح پر مربوط تعاون کو یقینی بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ زبردستی فطرہ وصول کرنا جرم ہے اور اس جرم میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) سید سہیل اکبر شاہ ، آئی جی پولیس سندھ فیاض لغاری ودیگر نے امن و امان کی صورتحال اور کارروائی سے متعلق اپنی تفصیلی رپورٹس پیش کی۔

قائم علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ لوکل گورنمنٹ کا اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں وزیر بلدیات آغا سراج درانی، وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد صدیق میمن، سیکریٹری بلدیات لالا فضل الرحمن اور سیکریٹری خزانہ نوید کامران بلوچ نے شرکت کی، اجلاس میں صوبہ بھر کی مختلف لوکل کونسلوں سے متعلق انتظامی اور مالی معاملات پر بات چیت کی گئی، وزیراعلیٰ نے درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کے احکامات دیے۔