کورنگی نیو کراچی اور ابراہیم حیدری مٰں فائر اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ

6نئےفائرٹینڈرزمحکمہ فائربریگیڈکےحوالےکیےجائیں گے,شہریوں کوبھی آگ بجھانےکی تربیت حاصل کرنی چاہیے، محمد حسین.


Staff Reporter December 15, 2012
6نئےفائرٹینڈرزمحکمہ فائربریگیڈکےحوالےکیےجائیں گے,شہریوں کوبھی آگ بجھانےکی تربیت حاصل کرنی چاہیے، محمد حسین. فوٹو: فائل

QUETTA: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ شہر میں 3 نئے فائر اسٹیشن قائم کیے جارہے ہیں جو کورنگی، نیو کراچی اور ابراہیم حیدری کے علاقوں میں بنائے جائیں گے۔

31 دسمبر تک 6نئے فائر ٹینڈرز محکمہ فائر بریگیڈ کے حوالے کردیے جائیں گے، شہریوں اور اداروں کو آگ بجھانے کی عملی تربیت حاصل کرنی چاہیے، فائر بریگیڈ کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے فائر بائی لاز بنائے جا رہے ہیں جنھیں جلد مکمل کرکے ان پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور فائر پروٹیکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان نیشنل فورم فار انوائرمنٹ کے اشتراک سے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے تیسرے فائر سیفٹی کنوینشن 2012 اور تقریب تقسیم ایوارڈ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

1

کنوینشن میں ڈاکٹر قیصر وحید، نعیم قریشی، چیئرمین سائٹ ڈاکٹر ارشد ویرہ، فواد باری، چیئرمین کاٹی زبیر چھایا، فرحت حسین، طارق معین سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ ٹائون فیکٹری میں آتشزدگی کے المناک واقعے کے بعد سے حکومت سندھ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کراچی میں فائر سیفٹی اقدامات میں بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ محکمے مشترکہ طور پر کوشش کر رہے ہیں کہ شہر میں بلدیہ ٹائون فیکٹری جیسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔

انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری صنعتوں میں آگ لگنے سے بچائو اور ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب انتظامات نہیں کیے جاتے، انھوں نے بتایا کہ حکومت کراچی میں فائر سیفٹی کے معاملات کو دیکھنے کے لیے ایک خودمختار بورڈ تشکیل دینے پر غور کر رہی ہے جس کی سربراہی پروفیشنل اور انڈسٹری ماہرین کریں گے،انھوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر اہتمام اسکولوں میں ایک ایسا تربیتی پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے ابتدا ہی سے بچوں کو تربیت دی جائے گی کہ وہ گھر میں یا اسکول میں آگ لگنے کی صورت میں اپنے بچائو اور تحفظ کے لیے فوری طور پر کیا اقدامات کریں۔