گلشن معمار پولیس مقابلے میں مغوی بچہ بازیاب ملزم ہلاک

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کی کارروائی میں ہلاک ملزم نے 2 کروڑ تاوان طلب کیا تھا۔


Staff Reporter December 17, 2012
ملزم اصغر نے مغوی کے والد عبدالغفور سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے بچے کی رہائی کے عوض 2 کروڑ تاوان طلب کیا۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے گلشن معمار میں کارروائی کرتے ہوئے 6 سالہ مغوی کو بحفاظت بازیاب کرالیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک ہوگیا۔

ملزم نے بچے کی رہائی کے عوض 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا ، تفصیلات کے مطابق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے گلشن معمار میں کارروائی کے دوران 6 سالہ بچے سید محمد عثمان کو بازیاب کرالیا ، ایس ایس پی اے وی سی سی نیاز کھوسو نے ایکسپریس کو بتایا کہ عثمان سلطان آباد کا رہائشی ہے، عثمان پہلی کلاس کا طالب علم ہے ، اس کے والد نے ایک رکشا ڈرائیور اصغر کو اسے اسکول لانے اور لے جانے کی ذمے داری دی ہوئی تھی ، ملزم نے جمعہ کو اسکول سے واپسی پر اسے اغوا کرلیا اور گلشن معمار میں اپنے ٹھکانے پر قید کردیا۔

ملزم اصغر نے مغوی کے والد عبدالغفور سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے بچے کی رہائی کے عوض 2 کروڑ تاوان طلب کیا جس کے بعد مغوی کے والد نے پولیس کو مطلع کیا ، پولیس نے کیس اے وی سی سی کے سپرد کیا جس پر اے وی سی سی نے ملزم کا سراغ لگایا اور گزشتہ روز گلشن معمار میں ٹول پلازہ کے قریب احمد بروہی گوٹھ میں مکان پر چھاپہ مارا ، پولیس کے پہنچتے ہی ملزم نے فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم ہلاک ہوگیا ، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ مغوی عثمان کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔