حیدرآباد کاجلسہ ملکی تاریخ میں بڑا جلسہ عام تھا امتیاز شیخ

جلسہ عام سندھ کو تقسیم کرنے والے سیاہ قانون کے خلاف عوامی ریفریڈم تھا۔


Staff Reporter December 17, 2012
فنکشنل لیگ اتحادیوں کے ساتھ ملکر سندھ کی ہرسیٹ پر امیدوار کھڑا کریگی

پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل )نے حیدر آباد کے جلسہ عام کو سندھ کی سیاسی تبدیلی سے تعبیر کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کو چیلنج کیا ہے کہ اب وہ سندھ میں اتنا بڑا جلسہ کرکے دکھائے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے سیکریٹری جنرل امتیاز احمد شیخ اتوار کو اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ کہا کہ حیدرآباد کاجلسہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑا جلسہ عام تھا ، یہ سندھ کے نئے بلدیاتی قانون کے خلاف ریفرنڈم تھا،پریس کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے رہنما جام مدد علی خان،مہتاب اکبر راشدی، ڈاکٹر رفیق بھا نبھن،نصرت سحر عباسی، اشورلعل، اجمل شاہ موسوی، اکبر راشدی، بیرسٹر فراز شیخ،ڈاکٹر حسن رضا، ڈاکٹر تاج،ندیم مرزا، ڈاکٹر خیر محمد ناریجواور دیگر بھی موجود تھے۔

01

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ جلسہ عام میں سندھ کے لاکھوں لوگوں نے شرکت کی اور اس جلسے کو تاریخی کامیابی عطا کی ،جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ اس جلسے نے ثابت کر دیا کہ سندھ کے عوام نے سندھ کو تقسیم کرنے والے سیاہ بلدیاتی قانون کو مسترد کردیا، یہ جلسہ اس قانون کے خلاف عوامی ریفریڈم تھا ، پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) اس قانون کو ختم کرنے کا ایجنڈا اپنے انتخابی منشور میں شامل کرے گی۔

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ جلسے میں اتحادی جماعتوں کی شمولیت سے یہ بات بھی ثابت ہو گئی ہے کہ سندھ کی تمام قوتیں پیر صاحب پگارا کی قیادت میںمتحد ہونے پر متفق ہیں ، سندھ میں ایک گرینڈالائنس بھی بن سکتا ہے ، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر سندھ کی ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی ، پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی رہنما مہتاب اکبر راشدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی والوں کو یہ پتہ نہیں ہے کہ سندھ میں ایک بڑی تبدیلی رونما ہوچکی ہے ، اب حکمران سندھ کے لوگوں کے ساتھ کھیلنا اور دھوکا کرنا بند کردے۔