انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے غنویٰ بھٹو

حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں وہ ملک کی دولت بے دردی سے لوٹ رہے ہیں۔


Staff Reporter December 17, 2012
بھٹو خاندان کے اصل وارث ہونے کے باوجود ہمیں ہمارے شہدا ء سے دور کردیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی (شہید بھٹو گروپ) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے بیزار ہوچکے ہیں۔

عوام کو مسائل کے حل اور ملکی ترقی کیلیے حقیقی اور شفاف قیادت کو آئندہ انتخابات میں ووٹ دے کر برسر اقتدار لانا ہوگا، پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) بھٹو خاندان اور شہید ذوالفقار علی بھٹوکی اصل جماعت ہے ، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) پورے ملک سے اپنے امیدوار کھڑے گی اور انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ اتوار کو خمیسو گوٹھ نیو کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے غنویٰ بھٹو نے کہا کہ بھٹو خاندان کے اصل وارث ہونے کے باوجود ہمیں ہمارے شہداء سے دور کردیا گیا ہے۔حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں وہ ملک کی دولت بے دردی سے لوٹ رہے ہیں۔

اس وقت ملک پر کرپٹ اور بھٹو نظریات مخالف ٹولے کی حکومت ہے۔ موجودہ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔

02

اس وقت ملک میں دہرا نظام قائم ہے، حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث امیر امیر تر اور غریب مزید غریب ہورہا ہے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، دہشت گردی سے ملک کا کوئی ادارہ اور شخص محفوظ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ میں نیا بلدیاتی نظام قائم کرکے سندھ کو تقسیم کرنے کی بنیاد ڈال دی گئی ہے ، لیکن ہم اسی دھرتی کے سپوت ہیں اپنی جان تو قربان کردیں گے لیکن سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیںگے۔انھوں نے کہا کہ ہم ہر اس سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں جو اس دھرتی کی حفاظت اور یہاں کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) جلد پورے ملک میں انتخابی اور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردے گی۔