ہیڈ کوچ نے عمر اکمل کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 5 نومبر 2016
شارٹ گیندوں پر کمزوری بابر اعظم کے کیریئر میں مسائل پیدا نہیں کرے گی، آرتھر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

شارٹ گیندوں پر کمزوری بابر اعظم کے کیریئر میں مسائل پیدا نہیں کرے گی، آرتھر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

دبئی: ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، انھوں نے نوجوان بیٹسمین کے انداز کو جدید کرکٹ کیلیے موزوں قرار دے دیا، کوچ کا کہنا ہے شارٹ گیندوں پر کمزوری بابر اعظم کے کیریئر میں مسائل پیدا نہیں کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق یواے ای میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹوئنٹی20سیریز میں عمر اکمل صرف ایک گیند کھیل پائے تھے، بیٹنگ آرڈر میں نمبر پیچھے ہونے کی وجہ سے ان کو صرف انتظار کی کوفت سے گزرنا پڑا، بعد ازاں تینوں ون ڈے میچز انھوں نے بینچ پر بیٹھ کر دیکھے۔

ایک انٹرویو میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاکہ عمراکمل کا انداز محدود اوورز کی جدید کرکٹ سے ہم آہنگ ہے،وہ صرف 25گیندوں پر 40رنز بناکر میچ کا نقشہ بدل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، البتہ دیگر کھلاڑیوں کی طرح ان کو بھی واقف ہونا چاہیے کہ متعین کردہ معیار پر پورا نہ اترنے کی صورت میں مزید مواقع نہیں ملیں گے۔

کیریبیئنز کیخلاف ٹیم کمبی نیشن بہت اچھا جارہا تھا،اس لیے وہ صلاحیتوں کا اظہار نہیں کرپائے۔کوچ نے کہا کہ بابر اعظم ون ڈے کی طرح ٹیسٹ میچز میں بھی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، شارٹ گیندوں پر کمزوری کا تاثر بھی درست نہیں کہا جا سکتا،کیریئر میں کبھی کبھار اس طرح کے مسائل پیش آجاتے ہیں، بہت جلد باؤنسرز کا بہتر انداز میں سامنا کرنا بھی سیکھ جائیں گے۔

آرتھر نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں مجموعی طور پر ہمیں بہت بہتری لانے کی ضرورت ہے، انگلینڈ سے سیریز کے آخر میں ہمیں جارحانہ کھیل کی جھلک نظر آئی،یواے ای میں بھی ہم اپنے مطلوبہ معیار کی طرف گامزن رہے، کینگروز کیخلاف جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکٹ کھیلیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔