کراچی میں فائرنگ 4ہلاک شیر خوار بچی سمیت 4 زخمی

بفرزون کی دکان میں بھائیوں پر فائرنگ، ایک ہلاک، اورنگی میں کپڑوں کا ٹھیلہ لگانے والا قتل


Staff Reporter December 17, 2012
3ماہ کی حمیرا بھی فائرنگ کی زد میں آگئی، گلشن معمار میں امام بارگاہ کی عقبی گلی سے لاش ملی۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں اتوار کو فائرنگ کے واقعات میں4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ گلشن معمار سے لاش ملی جسے بیلچے کے وار سے ہلاک کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بفرزون میں ارم شاپنگ سینٹر میں قائم دکان میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 42 سالہ محمد عرفان عرف پٹھان ولد محمد دین ہلاک جبکہ اس کا بھائی 35 سالہ عمران زخمی ہوگیا۔ ہلاک و زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔ ایس ایچ او تیموریہ اعجاز لودھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، مقتول اور مضروب کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں۔ ان کے بہنوئی کو بھی چند ماہ قبل حیدری کے علاقے میں فائرنگ کرکے ہلاک کیا جاچکا ہے۔

مقتول و زخمی کا آبائی تعلق پنجاب کے علاقے ساہیوال سے ہے جبکہ وہ بفرزون میں واقع پی این ایس سی فلیٹس میں رہائش پذیر ہیں۔ اورنگی ٹائون کے علاقے بنارس چوک پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے پتھارے دار کو ہلاک کردیا۔ ایس ایچ او پیرآباد اشفاق بلوچ کے مطابق مقتول 30 سالہ مسلم خان ولد خائستہ رحمٰن پرانے گرم کپڑوں کا ٹھیلہ لگاتا تھا۔ مقتول بخاری کالونی کا رہائشی تھا۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملزمان نے اسے مخبری کے شبے میں ہلاک کیا۔ مقتول کا آبائی تعلق سوات سے تھا جبکہ کراچی میں وہ اکیلا رہتا تھا ۔ گلشن معمار کے علاقے میں امام بارگاہ مجتبیٰ کی عقبی گلی سے لاش ملی جسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت راجہ منہاس خان ولد راجہ مہتاب خان کے نام سے ہوئی جس کی عمر 55 برس تھی۔

13

مقتول سرجانی ٹائون صدیق گوٹھ کا رہائشی اور مقامی ہوٹل میں ملازمت کرتا تھا۔ ملزمان نے اغوا کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور سر پر بیلچے کے وار کرکے ہلاک کردیا، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔ اورنگی ٹائون کے علاقے سیکٹر 4-E سبحانی محلہ میں مکان کے اندر نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 3 ماہ کی شیر خوار بچی حمیرا دختر جہانگیر زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ ناگن چورنگی پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 40 سالہ ابوالکلام ولد علی حسین زخمی ہوگیا۔ ایس ایچ او بلاغ حسین نے بتایا کہ سیکٹر الیون سی میں پان کی دکان پر 2 ملزمان نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کردی جس سے دکان کا مالک ابو الکلام زخمی ہوگیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ گلستان جوہر کے علاقے بلاک 7 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عاطف نامی نوجوان زخمی ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق ملزم علاقے میں بھتہ وصول کرنے آیا تھا جس پر علاقے کے لوگوں نے فائرنگ کردی، ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا، ایس ایچ او گلستان جوہر آصف رئوف کے مطابق فوری طور پر واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔

سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے کے قریب افروز ٹیکسٹائل مل کے سامنے نامعلوم ملزمان کی کار پر فائرنگ سے30سالہ عبد الرحیم ولد رحیم الحسن ہلاک ہو گیا۔ مقتول فیڈرل بی ایریا بلاک19کا رہائشی تھا جبکہ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر4 رحمانیہ مسجد اور چشتیہ اسکول کے برابر میں واقع گراؤنڈ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے نشے کا عادی تھی۔ کلری تھانے کی حدود لیاری آگرہ تاج کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اکرام اﷲ ولد امیر اﷲ زخمی ہو گیا۔