بال ٹیمپرنگ کے الزام پر پروٹیز غصے سے لال ہو گئے

کپتان ڈوپلیسی نے پرتھ ٹیسٹ میں گیند سے چھیڑچھاڑکے الزامات کو مسترد کردیا


Sports Desk November 12, 2016
پرتھ میں ڈوپلیسی گیند کو پرانا کرنے کیلیے بار بار زمین پر اچھال رہے تھے جس پر امپائرز نے انھیں تنبیہ کی تھی۔ فوٹو: فائل

بال ٹیمپرنگ کے الزام پر پروٹیز غصے سے لال ہو گئے،کپتان فاف ڈوپلیسی نے پرتھ ٹیسٹ میں گیند سے چھیڑچھاڑکے الزامات کو مسترد کردیا۔

فاف ڈوپلیسی کا کہنا ہے کہ ہم اس تنازع کو زیادہ اہمیت نہیں دینا چاہتے، پوری توجہ آسٹریلیا میں لگاتار تیسری سیریز جیتنے پر ہے، جنوبی افریقہ نے پرتھ میں 177رنز سے کامیابی کی بدولت سیریز میں1-0 کی برتری لے لی ہے۔

واضح رہے کہ پرتھ میں ڈوپلیسی گیند کو پرانا کرنے کیلیے بار بار زمین پر اچھال رہے تھے جس پر امپائرز نے انھیں تنبیہ کی تھی، کپتان نے کہاکہ میرا ایسا کرنا غیرمنصفانہ نہیں تھا، اس معاملے کو ضرورت سے زیادہ اہمیت دی جارہی ہے، ہم نے بھی پرتھ کی پہلی اننگز میں دیکھا تھا کہ آسٹریلیا نے 25ویں اوور سے ریورس سوئنگ کرنا شروع کردی تھی، یہ ہمارے لیے خاصا متاثر کن تھا لہٰذا ہم نے بھی جواباً ایسا ہی کرنا چاہا، پورے ٹیسٹ میں ریورس سوئنگ ففٹی ففٹی رہی، میزبان ٹیم نے بھی ایسا عمدگی سے کیا۔

ڈوپلیسی نے مزید کہا کہ پرتھ کی وکٹ خشک اور بہت سخت تھی لیکن یہاں ہوبارٹ کی پچ اس سے قدرے مختلف دکھائی دے رہی ہے، یہ گھاس سے بھرپور اور نرم بھی ہے، اس میں سیم اور سوئنگ دونوں موجود لیکن گیند زیادہ ریورس سوئنگ نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم آسٹریلیا میں لگاتار تین سیریز جیت کر ویسٹ انڈیز کی ہمسر بن سکتی ہے، جس نے 1980 سے 1990 کی دہائیوں میں یہاں تین لگاتار سیریز جیتی ہیں،پروٹیز آسٹریلیا میں7 اختتامی ٹیسٹ میں سے صرف ایک میںناکام ہوئے ہیں۔