سوشل میڈیا کا استعمال ذمے داری کے ساتھ کیاجائےایڈمنسٹریٹر

تعلیم وتربیت انسان کی صلاحیتیں نکھارتی ہیں،محمد حسین سید کاورکشاپ سے خطاب.


Staff Reporter December 19, 2012
تعلیم وتربیت انسان کی صلاحیتیں نکھارتی ہیں،محمد حسین سید کاورکشاپ سے خطاب۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹرمحمد حسین سید نے کہا ہے کہ تعلیم وتربیت انسان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور خصوصاً سرکاری ملازمین کے لیے اگر تربیتی عمل جاری رہے تو ان کی کارکردگی میں نکھار پیدا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وہ شہریوں کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا کا استعمال پوری ذمے داری کے ساتھ ہونا چاہیے،یہ بات انھوں نے سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے تحت قصر ناز میں سوشل میڈیا کی آگہی اور ذرائع ابلاغ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر شرکا سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کنسلٹنٹ سید نصرت علی، ڈائریکٹر سم (CIIM) محمد شاہد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

02

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ روزمرہ زندگی میں سماجی ابلاغ کی آگہی وقت کی ضرورت ہے، انٹرنیٹ، کیبل اور سوشل ویب سائٹ نے پوری دنیا میں جو انقلاب برپا کیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اور ہمارے معاشرے سمیت پوری دنیا اس وقت تبدیلی کی لپیٹ میں ہے اور یہ سب کچھ سماجی ابلاغ کی آگہی ہی کا نتیجہ ہے۔