چیف سلیکٹر اور مینجمنٹ کی میٹنگ6 اگست کو ہوگی

کوچ سے مشاورت کے بعدآسٹریلیا سے ون ڈے سیریزکی ٹیم کو حتمی شکل دینگے،اقبال قاسم


Sports Reporter July 26, 2012
کوچ سے مشاورت کے بعدآسٹریلیا سے ون ڈے سیریزکی ٹیم کو حتمی شکل دینگے،اقبال قاسم۔ فوٹو ایکسپریس

آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز کیلیے قومی ٹیم منتخب کرنے کے سلسلے میں چیف سلیکٹر اور ٹیم مینجمنٹ کی میٹنگ6 اگست کو ہوگی،اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ کوچ سے مشاورت کے بعد اسکواڈکو حتمی شکل دیدی جائیگی، واٹمور 5اگست کو لاہور پہنچ رہے ہیں۔

چیف سلیکٹر نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوچ کی واپسی کے بعد6 جولائی کو ملاقات ہوگی جس میں آسٹریلوی سیریز کیلیے قومی ٹیم پر تبادلہ خیال ہوگا، ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست کے بارے میں انھوں نے کہا کہ جب تک ٹیم مینجمنٹ اور کپتان سے مشاورت نہیں ہوجاتی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، اس میٹنگ میں فیصلہ ہوگا کہ سیریز کیلیے کیمپ لگایا جائے یا نہیں اور اگر کیمپ لگایا جائے تو کتنے دن کا ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ واٹمور سے حالیہ سری لنکن سیریز میں مختلف پلیئرز کی کارکردگی کے بارے میں رائے لی جائیگی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا یو اے ای میں3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹوئنٹی 20 میچز کھیلیں گے۔ پہلا ایک روزہ میچ28 اگست کو شارجہ، دوسرا 31 تاریخ کو ابوظبی اور تیسرا 3 ستمبر کو شارجہ میں کھیلا جائیگا جبکہ ٹوئنٹی 20 میچز 5، 7 اور 10 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہیں۔