مارچ پاسٹ ’ خفیہ ڈیوائس‘ کے ذریعے کنٹرول ہو گا

پریڈکے اختتام میں تاخیرسے بچاجاسکے گا،چلنے کی رفتاریکساں رکھنے میں مدد ملے گی


Sports Desk July 26, 2012
اولمپک ولیج میں پاکستانی پرچم بلند کیے جانے کی تقریب کے موقع پر وفد میں شامل آفیشلز اور ایتھلیٹس مارچ پاسٹ کر رہے ہیں، میگا ایونٹ کا رنگارنگ افتتاح کل ہو گا. فوٹو اے ایف پی

لندن گیمز کی افتتاحی تقریب میں205 ٹیموں کے مارچ پاسٹ کو ' خفیہ ڈیوائس' کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا تاکہ پریڈ کے اختتام میں تاخیر نہ ہونے پائے، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر گلبرٹ فیلی کے مطابق کئی ہزار ایتھلیٹس 204 اقوام کی نمائندگی کریں گے۔

چار ایتھلیٹس اولمپک پرچم کے تلے میدان میں شرکا کے سامنے سے گزریں گے، چلنے کی رفتار یکساں رکھنے میں یہ خفیہ ڈیوائس مددگار ہوگی، آئی او سی ممبر رچرڈ پونڈ نے اس سے قبل کہا تھا کہ مارچ پاسٹ کے دوران ایتھلیٹس کا تصاویر ، ویڈیوز بنانا اور اسے دیگر کو بھیجنا شرمناک عمل ہے، جس کی وجہ سے پروگرام میں تاخیر بھی ہوتی ہے،فیلی نے اگرچہ خفیہ ڈیوائس کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن انھوں نے کہا کہ ہم نے اس کیلیے خاصا کام کیا اور اب عملی مظاہرہ جمعے کو کریںگے، ہم کوشش کریں گے کہ ایتھلیٹس پریڈ کے دوران مارچ تیزی کے ساتھ کریں۔

تاہم تصاویر بنانے والے کھلاڑیوںکو کوئی سزا نہیں دی جائے گی، انھوں نے مزید کہاکہ پریڈ کے پروڈیوسر نے اس حوالے سے تمام تر تفصیلات بدھ کو ٹیم سربراہان کو دے دیں ہیں، پیر کی شب افتتاحی تقریب کے ڈائریکٹر ڈینی بوائل نے اولمپکس پارک میں ریہرسل منعقد کی تھی، جس کے بعد انھوں نے اس میں حصہ لینے والے افراد سے کہاکہ وہ اس رنگارنگ تقریب کی کوئی تصویر یا تفصیلات سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نہ دیں۔