دھابے جی پمپنگ اسٹیشن کی استعداد میں اضافے کے منصوبے کا آغاز آج ہوگا

واضح رہے کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے دھابیجی کے مقام پر پمپنگ اسٹیشن کے قیام کا عمل 1950میں شروع ہوا تھا.


Staff Reporter December 20, 2012
کراچی کو 65کروڑ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جارہا ہے جو آبادی کے لحاظ سے کم ہے فوٹو : فائل

کراچی کو یومیہ 55کروڑ گیلن پانی فراہم کرنے والے ایشیا کے سب سے بڑے پمپنگ اسٹیشن دھابیجی کی استعداد کار بڑھانے کے منصوبے کا آغاز آج ہوگاجس پر ایک ارب 28کروڑکی لاگت آئے گی۔

اس منصوبے کا سنگ بنیاد گورنر سندھ ڈاکٹر عشر ت العباد خان رکھیں گے، یہ بات کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصبا ح الدین فرید نے دھابیجی ، گھارو ، پپری پمپنگ اسٹیشنوں کے ہنگامی دورے کے موقع پر کہی ، پرو جیکٹ ڈائریکٹر دھابیجی حسن اعجاز کاظمی، چیف انجینئر بلک افتخار احمد ، چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم انور سعید چیف انجینئر میکینکل اینڈ الیکٹریکل سید ظہیر عباس اور واٹر بورڈ کے سینئر افسران ان کے ہمراہ تھے۔

واضح رہے کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے دھابیجی کے مقام پر پمپنگ اسٹیشن کے قیام کا عمل 1950میں شروع ہوا تھا ،پانی کی طلب میں اضافے کے باعث بتدریج پمپوں اور موٹروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا، اس وقت دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 6فیز ہیں جہاں سے یومیہ 55کروڑ گیلن پانی شہریوں کو فراہم کیا جا رہا ہے، متعدد پمپ اور موٹریں اپنی فنی مدت مکمل کر چکی ہیں جس کے باعث آئے دن ان کی مرمت پر خطیر رقم خرچ کی جاتی ہے اکثر موٹروں اور پمپوں کی مرمت اب بھی درکار ہے جس کے باعث پانی کی فراہمی کے عمل میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔