چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلیے فول پروف اقدامات کی ہدایت

تھانوں کی سطح پر عوام دوست ماحول کے فروغ کیلیے تمام تر اقدامات کیے جائیں،آئی جی


Staff Reporter July 26, 2012
تھانوں کی سطح پر عوام دوست ماحول کے فروغ کیلیے تمام تر اقدامات کیے جائیں،آئی جی۔ فوٹو ایکسپریس

آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری نے پولیس کو ہدایات دیں کہ کراچی سمیت پورے صوبے میں چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور دفاتر سے متعلق معلومات حاصل کرکے سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں، انھوں نے مزید ہدایات دیں کہ صوبہ سندھ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلیے بھی فول پروف اقدامات کیے جائیں۔

منگل کو سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ نے ایک اجلاس کی صدارت کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا، انھوں نے ڈی آئی جیز سکھر، حیدر آباد، لاڑکانہ اور میرپور خاص کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ پولیس رینجز میں قائم کاروکاری سیلز کی کارکردگی اور اس ضمن میں ضلعی پولیس دفاتر کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر مبنی تفصیلی رپورٹ ارسال کی جائے۔

آئی جی سندھ کو چاروں ڈی آئی جیز نے اغوا برائے تاوان، ہائی وے رابری، ڈکیتی، کاروکاری، قبائلی جھگڑوں اور دیگر جرائم سے متعلق سال رواں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ اغوا برائے تاوان اور ہائی وے رابری و ڈکیتی کی وارداتوں میں نمایاں کمی لانے کیلیے صوبے بھر میں قائم ٹول پلازہ پر مستعد اور جدید آلات سے لیس افسران اور جوانوں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

انھوں نے ہدایت دی کہ تھانوں کی سطح پر عوام دوست ماحول کے فروغ اور پولیس پر عوام کے اعتماد کی بحالی کیلیے نظریہ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت تمام تر اقدامات کیے جائیں، مددگار15کے مراکز کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کیلیے تربیت یافتہ پولیس افسران و اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔