سینٹرل جیل میں آخری مرتبہ پھانسی 2008 میں دی گئی

16 فروری کو مجرم کے بلیک وارنٹ جاری ہوئے اور 20 فروری کو پھانسی کی سزادیدی گئی


Staff Reporter July 26, 2012
16 فروری کو مجرم کے بلیک وارنٹ جاری ہوئے اور 20 فروری کو پھانسی کی سزادیدی گئی۔ فوٹو ایکسپریس

سینٹرل جیل کراچی میں آخری مرتبہ پھانسی 20 فروری 2008 کو دی گئی تھی ، تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل کراچی میں آخری مرتبہ جاوید ملک ولد ہمایوں اختر نامی مجرم کو پھانسی کی سزا دی گئی تھی ، جاوید ملک نے 21 جولائی 1997 کو گلشن اقبال میں فائرنگ کرکے جمہوری وطن پارٹی کے سینئر نائب صدر و بلوچستان کے سابق وزیر اشرف کاکڑ کے نوجوان بیٹے عامر کاکڑ کو ہلاک کیا تھا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں محمد فرید اقبال نامی شخص زخمی ہوگیا تھا۔

گلشن اقبال پولیس نے واقعے کا مقدمہ جاوید ملک کے خلاف الزام نمبر 509/2007 بجرم دفعہ 302 ، 324 اور 337F(iii) کے تحت درج کیا تھا ، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 29 نومبر 1997 کو دفعہ 302 کے تحت سزائے موت اور 50 ہزار روپے جرمانہ جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر 2 برس قید ، دفعہ 324 کے تحت 10 برس قید اور 25 ہزار روپے جرمانہ جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید ایک برس قید ، دفعہ 337F(iii) کے تحت 3 برس قید اور 5 ہزار روپے جرمانہ جبکہ جرمانہ نہ دینے کی صورت میں 6 ماہ قید کا حکم سنایا تھا۔

مجرم کی اپیل کو ہائی کورٹ نے 5 مارچ 1999 کو مسترد کرتے ہوئے سزا برقرار رکھی ، عدالت عظمیٰ نے نظر ثانی کی درخواست 8 جولائی 2006 کو جبکہ صدر مملکت پاکستان نے بھی رحم کی اپیل 21 جنوری 2008 کو مسترد کردی جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 16 فروری 2008 کو مجرم کے بلیک وارنٹ جاری کردیے اور 20 فروری 2008 کو مجرم کو پھانسی کی سزا دے دی گئی۔