بلدیہ عظمیٰ عید فیملی فیسٹیول کا انعقاد کریگیایڈمنسٹریٹر

شعیب وقار فوکل پرسن مقرر،اشیا مارکیٹ سے کم نرخ پر دستیاب ہونگی، اجلاس سے خطاب


Staff Reporter July 26, 2012
شعیب وقار فوکل پرسن مقرر،اشیا مارکیٹ سے کم نرخ پر دستیاب ہونگی، اجلاس سے خطاب۔ فوٹو ایکسپریس

KARACHI: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ شہریوں کو سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی کیلیے عید ڈسکائونٹ فیملی فیسٹیول منعقد کیا جائے گا تاکہ شہری صاف ستھرے اور پرامن ماحول میں رمضان اور عید کیلیے خریداری کرسکیں۔

یہ بات آج انھوں نے بچت بازار سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی کمشنر وسطیٰ ڈاکٹر سیف الرحمن، ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی نذیر لاکھانی، سینئر ڈائریکٹر انٹر پرائز شعیب وقار ودیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ فیملی فیسٹیول میں گوشت، دودھ، سبزی، فروٹ، روزمرہ کی اشیائے صرف، کپڑے، جوتے، میک اپ کا سامان اور دیگر اشیا مارکیٹ سے کم نرخ پر دستیاب ہونگی، انھوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول کے ایم سی، ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ عالیہ کے زیر انتظام منعقد ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ عید بچت فیملی فیسٹیول میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، کار پارکنگ کیلیے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے جس میں کار پارکنگ کی مد میں5روپے اور موٹر سائیکل کیلیے2 روپے وصول کیے جائیں گے، ایڈمنسٹریٹر نے سینئر ڈائریکٹر انٹرپرائز اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن شعیب وقار کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے،12 رمضان المبارک سے شروع ہونے والا یہ فیسٹیول چاند رات تک جاری رہے گا۔