جناح برج کی مرمت ماڑی پور اور اطراف میں بدترین ٹریفک جام

شہریوں نے روزہ سڑک پر افطار کیا،متعلقہ ادارہ اگر رات میں کام کرتا تو ٹریفک جام نہ ہوتا، پولیس


Staff Reporter July 26, 2012
شہریوں نے روزہ سڑک پر افطار کیا،متعلقہ ادارہ اگر رات میں کام کرتا تو ٹریفک جام نہ ہوتا، پولیس۔ فوٹو ایکسپریس

جناح برج پر مرمت کے کام کے باعث ماڑی پور روڈ اور اس سے متصل سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا، گاڑیوں اور ٹریلروں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں، ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں نے سڑک پر روزہ افطار کیا، تفصیلات کے مطابق نیٹی جیٹی پل سے متصل جناح برج پر مرمت کے کام کے باعث ماڑی پور روڈ، شیرشاہ روڈ اور اس سے متصل سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

گاڑیوں، چھوٹے بڑے ٹرکوں اور ٹریلروں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں، ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں سے سڑک پر روزہ افطار کیا، پولیس کے مطابق رمضان المبارک میں دوپہر 2 بجے کے بعد ٹریفک کا زور زیادہ ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود متعلقہ ادارے نے مرمت کا کام دن کے وقت کیا، اگررات میں کام کیا جاتا تو ٹریفک جام نہیںہوتا، مرمت کا کام بریئر لگا کر کیا جا رہا تھا جس کے باعث پل پر ایک ٹریک چل رہا تھا، موٹر سائیکل سواروں کی جلد بازی کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا تاہم افطاری کے ایک گھنٹے بعد ٹریفک بحال کرا دیا گیا۔