قیام امن کیلیے ہرممکن اقدام کرینگےوزیراعلیٰ وگورنرسندھ میں اتفاق

سیکیورٹی ادارے انٹیلی جنس نیٹ ورک کوفعال،ملزمان کیخلاف بلاتفریق کارروائی کریں


Staff Reporter July 26, 2012
کراچی :گورنر عشرت العباد ، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو آئی جی سندھ فیاض لغاری بریفنگ دے رہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے جرائم کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے کے لیے صوبے بھر میں انٹیلی جنس نیٹ ورک مضبوط اور فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ امن و امان یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر ہائوس میں گورنر سندھ سے ملاقات کی اور جاری صورت حال،

امن و امان اور اہمیت کے حامل مختلف امور پر بات چیت کی، اس موقع پر آئی جی پولیس فیاض لغاری بھی موجود تھے، ملاقات میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کے حالیہ دورہ برطانیہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری اور اقتصادی و تعلیمی سرگرمیوںکے فروغ کے لیے گورنر کی کوششوں کو سراہا، انھوں نے کہا کہ برطانوی بزنس گروپس سے تعاون کے نتیجے میں 2بلین امریکی ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری ایک خوش آئند بات ہے،

گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے اتفاق کیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی سرگرمیوں کی روانی کے لیے انویسٹمنٹ فرینڈلی پالیسیز، ضروری انفرااسٹرکچر کی فراہمی اور بہتر امن و امان کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں، انھوں نے واضح کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی پر متفق ہیں

جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں بغیر کسی تفریق اور دبائو کے اپنی ذمے داریاں ادا کریں، ملاقات میں رمضان المبارک کے دوران اور عید سے قبل مارکیٹس میں خریداری کے موقع پر بہتر اور خوشگوار ماحول رکھنے کے لیے ضروری ہدایات دی گئیں۔