ایفی ڈرین کیس10ماہ سے روپوش 2ملزم وعدہ معاف گواہ بن گئے

4ملزمان کے ریمانڈمیںتوسیع،خوشنودلاشاری کوبیرون ملک سے لانے کی تیاریاں شروع


Numainda Express July 26, 2012
4ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع، خوشنودلاشاری کوبیرون ملک سے لانے کی تیاریاں شروع۔ فائل فوٹو

ممنوعہ کیمیکل ایفی ڈرین کوٹا الاٹمنٹ اسکینڈل میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، کیس کے2مزید اشتہاری ملزمان 10ماہ کی روپوشی ختم کرکے وعدہ معاف گواہ بن گئے اور انسداد منشیات عدالت میں پیش ہوکر سید تنویر حسین شیرازی اور چوہدری عبدالوحید نے28 جولائی تک ضمانتیں کرا لی ہیں اور تفتیشی آفیسر ڈائریکٹر اے این ایف عابد ذوالفقارکے پاس پیش ہوکر اعتراف جرم کے بیانات بھی ریکارڈ کرادیے ہیں۔

دونوں نے بتایا کہ ایفی ڈرین کوٹا رشوت دیکر حاصل کیا گیا تھا اور اسے منشیات اسمگلروںکو فروخت کیا گیاان دونوںکے بعدوعدہ معاف گواہوںکی تعداد6 ہوگئی ہے جبکہ اب صرف2 اشتہاری ملزمان توقیر علی خان اورکرنل(ر)طاہر الودود لاہوتی رہ گئے ہیں،اول الزکرکے بیرون ملک فرار ہونے کی رپورٹ ہے جبکہ دوسرے کرنل(ر) طاہر بھی وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے تیارہوچکے ہیںاور ان کا اے این ایف سے رابطہ ہے۔

انسداد منشیات کی عدالت کے جج چوہدری ظفر اقبال نے ایفی ڈرین کیس میںگرفتار4ملزمان عنصر فاروق ڈائریکٹر داناس کمپنی،افتخار خان،ڈرگ کنٹرولر شیخ انصار احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈرگ عبدالستار سوہرانی کے جوڈیشل ریمانڈ میں24 اگست تک توسیع کر دی ہے ان چاروں کے خلاف چالان بھی پیش کردیے گئے ہیں،آئندہ تاریخ پر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے مقدمے کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔

اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت اللہ نے ایفی ڈرین کیس میں دوران تفتیش مبینہ تشدد اور دل کا دورہ پڑنے سے اے ایف آئی سی میں داخل ملزم سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اسد حفیظ کو26 جولائی کو اسپتال سے ہر صورت عدالت پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ادھر تفتیشی ٹیم نے سابق سیکریٹری ہیلتھ خوشنود لاشاری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد انہیں بیرون ملک سے واپس ملک لانے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں ،اس بابت انٹرپول سے رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔