رفیع پیرتھیٹرکے روح رواں فیضان پیرزادہ انتقال کرگئے

فیضان پیرزادہ گائیکی، مصوری، اور سازندوں میں ایساٹیلنٹ متعارف کروایا


Numainda Express/INP December 22, 2012
فیضان پیرزادہ گائیکی، مصوری، اور سازندوں میں ایسا ٹیلنٹ متعارف کروایا فوٹو: فائل

رفیع پیرتھیٹرورکشاپ کے روح رواں فیضان پیرزادہ 54برس کی عمرمیں حرکت قلب بند ہوجانے سے وفات پاگئے۔

انھیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ، مرحوم نے پسماندگان میں ایک بیٹا اوربیٹی چھوڑی ہے، فیضان پیرزادہ 4 اکتوبر 1958ء کو پیدا ہوئے۔ انھوں نے نیشنل کالج آف آرٹس سے ڈیزائن کے شعبے میں ڈگری حاصل کی اوراس کے بعد80ء کی دہائی میں نیویارک میں ایک آرٹ گیلری قائم کی، وہاں چند ماہ گزارنے کے بعد پاکستان آنے کا فیصلہ کیااوررفیع پیرتھیٹر ورکشاپ قائم کی جس کے پلیٹ فارم تلے پہلی مرتبہ یہاں پر انھوں نے میوزک فیسٹیول کاآئیڈیا دیا۔

فیضان پیرزادہ گائیکی، مصوری، اور سازندوں میں ایساٹیلنٹ متعارف کروایا جسے کبھی بھی فنون لطیفہ کے شعبوں نے مواقع فراہم نہیں کیے تھے۔ وہ پاکستان کے کونے کونے سے باصلاحیت فنکار،گلوکار، سازندے تلاش کرکے لائے اور پھر انھیں پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں پرفارم کرنے کا موقع فراہم کیا۔انھوں نے پاکستان میں صوفی میوزک فیسٹیول کے بعد بہت سے کامیاب فیسٹیولزکا انعقادکیا، حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میںگراں قدر خدمات انجام دینے پرتمغہ امتیازسے بھی نوازا گیا۔فیضان پیرزادہ کی وفات پران کے بھائی عثمان پیرزادہ کا کہنا تھا کہ فیضان پیرزادہ اپنے کام کا جادوگرتھا۔