سرکاری وکلاکی بیرون ملک تربیت کامنصوبہ بنایا ہے وزیر قانون سندھ

ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنیزکومستقل کرنے کیلیے قانون سازی پرغورکررہے ہیں، ایاز سومرو


Numainda Express July 26, 2012
ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنیزکومستقل کرنے کیلیے قانون سازی پرغورکررہے ہیں، ایاز سومرو۔ فوٹو اے پی پی

صوبائی وزیرقانون پارلیمانی اموراورجیل خانہ جات ایاز سومرو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کنٹریکٹ کی بنیاد پربھرتی کیے گئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنیز(سرکاری وکیل) کومستقل کرنے کے لیے قانون سازی کرنے پرغور کر رہی ہے اوراس سلسلے میں بہت جلد محکمہ قانون کی جانب سے ایک بل سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا،اس لیے تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنیز اورڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرزکوچاہیے کہ وہ مکمل تیاری سے عدالت میں پیش ہوں

تاکہ سرکاری جائیداد پرقبضوں سول اور غریب عوام کے دیگرکیسزکوجلد حل کرکے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہاؤس حیدرآباد اورجامشورواضلاع کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنیز اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز (قانونی افسران) سے ایک اجلاس کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے حیدرآباد اور جامشورو اضلاع کے سرکاری کیسز میں پیشرفت کے متعلق سرکاری وکیلوں سے معلومات حاصل کیں اور کرمنل کیسز کے حوالے سے ان کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہارکیا اور انھیں ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری وکلا کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے انھیں امریکا، ترکی اور ملیشیا میں جدید تربیت حاصل کرنے کا منصوبہ تشکیل دیا ہے ۔

قبل ازیں صوبائی وزیر آئی جی جیل خانہ جات کے دفتر میں سینٹر ل جیل حیدرآباد کے افسران سے ایک اجلاس کیا،صوبائی وزیر نے چندروز قبل حیدرآبادسینٹرل جیل میں ہونے والے واقعے کے دوران اہلکاروں اور افسران کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد محکمہ جیل کے افسران کی ترقیاں دینے کے لیے سلیکشن بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ جیل افسران کو گاڑیاں مہیا کی جائیں گی جبکہ جیلوں کے بیرکوں، افسران کے بنگلوں اور اہلکاروں کے لیے بنی ہوئی کالونیوں کا مرمتی کام ہنگامی بنیاد پر کیے جائیں گے۔