مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسزکے ہاتھوں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید

قابض فوج نے حق خود ارادیت کے لیے سڑکوں پر آنے والے شہریوں کے علاوہ صحافیوں پر بھی لاٹھی چارج کیا


ویب ڈیسک December 09, 2016
نمازجنازہ کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے حریت رہنما مختار احمد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی اور دن بدن بھارت کی جانب سے ہرزہ سرائی بڑھتی ہی جارہی ہے اوراب بھارتی فورسز نے 4 نوجوان کشمیریوں کوبھی سرچ آپریشن کے دوران شہید کردیا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرکے ضلع اسلام آباد میں اروانی کے علاقے میں مظاہرین کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف پرامن مظاہرہ جاری تھا کہ فورسزنے مظاہرین پرلاٹھی چارج اور شیلنگ کردی جب کہ سرچ آپریشن کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔

نوجوانوں کی شہادت کی خبر سن کر مختلف علاقوں میں لوگ احتجاج کے لیے سڑکوں پرنکل آئے اورپاکستان کے حق جب کہ بھارت کے خلاف نعرے بازی کی، جس پر قابض فوج نے پرامن احتجاج کرنے والوں پر بھی لاٹھیاں برسائیں جس کے نتیجے میں ایک اورنوجوان شہری نے جام شہادت نوش کیا۔ بھارتی فوج نے نا صرف مظاہرے میں شامل کشمیریوں کو بلکہ صحافیوں کو بھی اپنی درندگی کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب حریت رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد نے شہید ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی، نمازجنازہ کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے حریت رہنما مختار احمد کو گرفتار کرکے اسلام آباد پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈربرہان مظفروانی کی شہادت کے بعد شروع ہونے والے بڑے پیمانے پر احتجاج کو فوجی طاقت کے ذریعے مسلسل کچلا جارہا ہے جب کہ بھارت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ ہرآنے والے دن کے ساتھ زورپکڑتا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں