بی کام کے امتحانات آج سے شروع سیکڑوں امیدوار شرکت سے محروم

سینٹرتبدیل کرانیوالےامیدواروں پرجرمانہ عائد،مراکزتبدیل کرنیوالےسینٹرسپرنٹنڈنٹس امتحانی عمل میں شریک،طلبا میں بے چینی.


Staff Reporter December 24, 2012
شعبہ امتحانات نے وی سی کے احکامات نظرانداز کردیے، طلبا کی چانسلر اور گورنر سے مداخلت کی اپیل، سال بچانے کی درخواست۔ فوٹو: فائل

بی کام ریگولرکے امتحانات میں ایک ہزارسے زائد امیدوار شرکت سے محروم ہوگئے ہیں، شعبہ امتحانات کے تحت بی کام ریگولرکے سالانہ امتحانات آج(پیر) سے شروع ہورہے ہیں جس کے انعقاد کے لیے جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا دہرا معیار سامنے آیا ہے۔

یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات نے گزشتہ امتحانات میں سینٹرز تبدیل کرنے والے امیدواروں پر ہزاروں روپے ''فی امیدوار'' کے حساب سے جرمانہ عائد کرتے ہوئے انھیں عملی طورپرامتحان میں شرکت سے روک دیا اور نجی بنیادوں پرکام کرنے والے کمرشل تعلیمی اداروں کی طرز پر امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ اگر پیسے ہیں توامتحان میں شریک ہوں بصورت دیگرگھربیٹھ جائیں، دوسری جانب امتحانی مرکز کی تبدیلی میں شریک سینٹر سپرنٹنڈنٹس پرکسی قسم کا جرمانہ عائدکرنے کے بجائے انھیں ایک بارپھرامتحانی عمل میں شریک کرلیا گیا ہے جس سے بی کام ریگولرکے سالانہ امتحانات برائے2012 میں شرکت سے محروم رہ جانے والے امیدواروں میں شدید بے چینی اور اضطراب پایاجاتاہے۔

غریب ومتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے متاثرہ طلبا نے یونیورسٹی کے چانسلر اورگورنرسندھ سے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے انھیں پرچوں میں شرکت کی اجازت دلوانے اورقیمتی سال بچانے کی درخواست کی ہے، واضح رہے کہ اس حوالے سے شعبہ امتحانات نے وائس چانسلرڈاکٹرمحمدقیصرکے احکامات بھی نظرانداز کردیے ہیں، جامعہ کراچی کے وائس چانسلرشعبہ امتحانات کے حکام کوسینٹرکی تبدیلی میں شریک سینٹرسپرنٹنڈنٹ کوبھی اس حوالے سے نوٹسزجاری کرنے کی ہدایت کرچکے ہیں تاہم ان کی ہدایت کے برعکس شعبہ امتحانات امتحانی مرکز کی تبدیلی میں طلبا کے ساتھ شریک سینٹرسپرنٹنڈنٹس سے اس بار بھی امتحانی خدمات حاصل کررہاہے جس سے براہ راست جامعہ کراچی کے وائس چانسلرکی رٹ متاثرہورہی ہے،بی کام ریگولرکے امتحانات دوپہر2 سے شام 5 بجے جبکہ جمعہ کودوپہر ڈھائی سے شام ساڑھے5 بجے تک ہوں گے۔