یوم قائد اعظم پر قوم کو فتح کا تحفہ دینا چاہتے تھے حفیظ

حفیظ نے عمدہ اننگز کھیلی (شعیب ملک) مزید15 رنز بنانا اچھا رہتا، مہندرا دھونی


Sports Desk December 26, 2012
بنگلور: پہلے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستانی کپتان محمد حفیظ کا جارحانہ اسٹروک، عقب میں بھارتی ہم منصب مہندرا سنگھ دھونی موجود۔ فوٹو: بی سی سی آئی

پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ہم یوم قائد اعظم پر قوم کو فتح کا تحفہ دینے کے خواہاں تھے اور اپنی اس کوشش میں کامیاب رہے۔

میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف فتح ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ممکن ہوئی، ہم سیریز کا آغاز اچھے انداز میں کرنا چاہتے تھے، ہم نے اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے فتح پائی، تجربہ کار شعیب ملک نے عمدہ بیٹنگ کی، انھوں نے کہا کہ ہم جانتے تھے کہ ہمارا بولنگ اٹیک بھارت کے مقابلے میں اچھا ہے، اسی طرح ہمیں اس بات کا بھی ادراک تھا کہ عمر گل پرانی گیند سے ہمیشہ موثر ثابت ہوتے ہیں، انھوں نے کہا کہ سعید اجمل اور عمرگل نے شاندار بولنگ سے بھارت کو بڑا اسکور نہ بنانے دیا۔

01

عمدہ بیٹنگ کرنے والے شعیب ملک نے کہا کہ ہم بھارت کے ڈیبیوٹنٹ بولر بھونیشور کمار کے سامنے کچھ مشکلات کا شکار ہوئے،انھوں نے ابتدائی وکٹیں لے کر ہماری ٹیم کو دبائو کا شکار کیا لیکن کپتان حفیظ نے شاندار اننگز کھیلی، انھوں نے مزید کہا کہ بھارت کیخلاف کھیلتے ہوئے ہمیشہ دبائو ہوتا لیکن ہم صورتحال کو ذہن میں رکھتے ہوئے گیم پلان پر عمل کرتے ہیں،دوسری جانب میزبان کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ اگر ہم مزید 15 رنز اپنے مجموعے میں جوڑ پاتے تو یہ ہمارے لیے زیادہ بہتر ہوتا، ہمیں آغاز اچھا ملا لیکن اس کے بعد وکٹیں گنواتے رہے،145 اس وکٹ پر محفوظ ٹوٹل ہوتا۔