انڈر16 کرکٹ کوئٹہ نے کراچی کو 41 رنز سے زیر کرلیا

1 بہاولپور نے لاہور، ملتان نے فیصل آباد کو مات دی، راولپنڈی اور پشاور بھی فتحیاب


Sports Reporter December 26, 2012
بھٹو گرائونڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد کی ٹیم نے فاٹا کو باآسانی 34 رنز سے شکست دی۔ فوٹو فائل

ISLAMABAD: پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ میںکوئٹہ نے کراچی کو 41 رنز سے زیر کر لیا۔

بہاولپور نے لاہوراور ملتان نے فیصل آباد کو شکست دی، راولپنڈی نے سیالکوٹ اور پشاور نے اسلام آباد کے خلاف فتوحات سمیٹیں،فاٹا کیخلاف ایبٹ آباد کی ٹیم کامیاب رہی۔ تفصیلات کے مطابق ایل سی سی اے گرائونڈ پر کراچی کیخلاف کوئٹہ نے مقررہ اوورز میں9 وکٹ پر181 رنز بنائے، عبدالرافع نے61 اور غلام حیدر نے 52رنز اسکور کیے، کرن پرکاش نے 3 جبکہ رابش رافیق اور حسن شہاب نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کراچی کی ٹیم 29.5 اوورز میں 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اسامہ علی نے 45 رنز بنائے، محمد عمران نے 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

کرکٹ سینٹر گرائونڈ پر لاہورکی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 28.1 اوورز میں101رنز پر ڈھیر ہوگئی، فیصل علی21 اور زریاب علی آصف19رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد عمیر اور محمد ندیم نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، بہاولپور نے ہدف بمشکل 9 وکٹ گنوا کر حاصل کیا، محمد عمیر نے 33 رنز بنائے، احمد شفیق اور علی حیدر نے 3،3 جبکہ محمد علی رافع نے 2 وکٹیں لیں۔ اتفاق گرائونڈ لاہور میں ملتان نے فیصل آباد کو 3 وکٹ سے ہرایا، ناکام ٹیم 96 رنز تک محدود رہی، ابوذر مصطفیٰ نے 3 اور مزمل حسن نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ملتان نے ہدف 7 وکٹ پر حاصل کرلیا۔

ابوذر مصطفیٰ نے 27 اور احمد سلطان نے 22 رنز بنائے۔ نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں پشاور نے میزبان کو12 رنز سے ہرا دیا، ناکام ٹیم نے 163 رنز بنائے، محمد عثمان نے 39 اور حماد الدین نے 23 رنز اسکور کیے، اسماعیل خان نے 3 اور ارسم فاروق نے 2 وکٹیں حاصل کیں،اسلام آباد کی ٹیم 150 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی، سلمان فیاض کے47 رنز کسی کام نہ آئے، عبدالوحید نے4 جبکہ محمد اعجاز اور محمد یاسین نے2،2 وکٹیں لیں۔

1

شالیمار گرائونڈ اسلام آباد میں راولپنڈی نے سیالکوٹ کو 82 سے مات دی، فاتح ٹیم نے 6 وکٹ پر257رنز بنائے، ناصر نواز نے 69 کی اننگز کھیلی، حمزہ یوسف نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، سیالکوٹ کی ٹیم 175 رنز ہی بنا سکی، عبدالرحمان 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد آصف اور شاداب خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

بھٹو گرائونڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد کی ٹیم نے فاٹا کو باآسانی 34 رنز سے شکست دی، فاتح ٹیم نے 201 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، سلطان محمود 56 اور منظور علی 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کامران شاہ اور عبداللہ جونیئر نے2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فاٹا کی ٹیم 38.4 اوورز میں 167 رنز بنا سکی، عبداللہ جونیئر نے 58 اور محمد بشیر خان نے 38 رنز اسکور کیے، سلطان محمود نے5 پلیئرزکو ٹھکانے لگایا۔