آصف زرداری کی آمد کراچی ٹریفک پولیس نے متبادل پلان جاری کردیا

آصف علی زرداری كراچی ایئرپورٹ ٹرمینل نمبر 1 پر پہنچیں گے جہاں شہر کے مختلف علاقوں سے استقبالی جلوس جمع ہوں گے۔


ویب ڈیسک December 22, 2016
ٹریفك پولیس كی جانب سے واضح ہدایت جاری كی گئی ہیں كہ كسی بھی گاڑی كو روڈ پر پارك كرنے سے گریز كیا جائے۔ (فوٹو: فائل)

ٹریفك پولیس نے پیپلز پارٹی كے شریك چیئرمین اور سابق صدر پاكستان آصف علی زرداری كی جمعہ 23 دسمبر كو كراچی آمد كے موقعے پر شہریوں كےلیے متبادل راستوں كا اعلان کردیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفك آصف اعجاز شیخ كے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری كراچی ایئرپورٹ ٹرمینل نمبر 1 پر پہنچیں گے اور مختلف استقبالی جلوسوں کی بڑی تعداد میں ایئرپورٹ پر ممکنہ آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل راستوں كا اہتمام كیا گیا ہے۔

جمعے کے روز متبادل ٹریفک پلان كے مطابق كلفٹن و ڈیفنس كے رہائشی ایئرپورٹ جانے كے لیے ہینو چورنگی اور كورنگی انڈسٹریل ایریا روڈ، مرتضیٰ چورنگی سے لنك روڈ اور ملیر سٹی تھانے سے ملیر ہالٹ، ماڈل كالونی سے ایئرپورٹ كا روڈ استعمال كریں۔

وہ حضرات جو لیاقت آباد اور گلشن اقبال سے ایئرپورٹ جانا چاہیں وہ یونیورسٹی روڈ، صفورہ چورنگی، ملیر كینٹ سے چیك پوسٹ نمبر 6 سے ماڈل كالونی روڈ کے راستے جاتے ہوئے ایئرپورٹ روڈ استعمال كریں۔

ٹریفك پولیس كی جانب سے اسپتالوں كو جانے والے راستوں كی نشاندہی بھی كی گئی ہے جس كے مطابق ضیا الدین اسپتال جانے كے لیے سی ویو اور چائنا چورنگی جبکہ ساؤتھ سٹی اسپتال جانے كے لیے بحریہ انڈر پاس استعمال کیا جائے۔

اسی طرح كلفٹن و ڈیفنس كے رہائشی جناح اسپتال جانے كےلیے چوہدری خلیق الزماں روڈ، لی برج اور كینٹ اسكول روڈ استعمال كریں جبكہ لانڈھی اور كورنگی سے آنے والے كورنگی روڈ سے سی ایس ڈی سے بائیں جانب جناح اسپتال جاسكیں گے جبكہ گارڈن اور صدر سے ملحقہ علاقوں كے رہائشی صدر سے ہوتے ہوئے جناح اسپتال پہنچ سكیں گے۔

لیاقت نیشنل اور آغا خان اسپتال جانے كےلیے شہری یونیورسٹی روڈ، نیو ٹاؤن سے اسٹیڈیم روڈ كا استعمال كریں جبكہ ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ملیر سے آنے والے ملیر ہالٹ، ماڈل كالونی روڈ سے لنك روڈ ملیر كینٹ چیك پوسٹ نمبر6 صفورہ سے یونیورسٹی روڈ كا استعمال كریں۔

ٹریفك پولیس نے شہریوں سے اپیل كی ہے كہ وہ جلسے كو مدنظر ركھتے ہوئے اس كے روٹ پر جانے سے گریز كریں اور متبادل راستوں كا انتخاب كریں تاكہ وہ كسی بھی قسم كی پریشانی سے بچ سكیں۔

ٹریفك پولیس كے مطابق تمام ہیوی ٹریفك كو جناح برج سے پنجاب كالونی، سن سیٹ بلیوارڈ، كورنگی روڈ كی جانب آنے كی اجازت نہیں ہوگی جبکہ اس ٹریفك كو ماڑی پور روڈ سے ناردرن بائی پاس كی جانب موڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح سے نیشنل ہائی وے سے كورنگی انڈسٹریل ایریا روڈ پر بھی ہیوی ٹریفك كو آنے كی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ٹریفك پولیس كی جانب سے واضح ہدایت جاری كی گئی ہیں كہ كسی بھی گاڑی كو روڈ پر پارك كرنے سے گریز كیا جائے جبكہ ٹریفك پولیس كی ہدایات پر عمل كریں اور كسی بھی پریشانی یا ٹریفك جام كی صورت میں شہری ٹریفك پولیس كی ہیلپ لائن 915 پر كال كریں اس كے علاوہ ٹریفك پولیس كے واٹس ایپ نمبر 03059266907، سندھ پولیس ریڈیو چینل ایف ایم 88.6 ٹیون كریں جبکہ فیس بك پیج سے ٹریفك سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

مقبول خبریں