آرٹس کونسل کے الیکشن 1733ووٹ کاسٹ ہوئے

احمد شاہ اعجاز فاروقی پینل کے امیدوارنتائج سے قبل ہی جیت کیلیے پرامید دکھائی دیے.


Staff Reporter December 26, 2012
آرٹس کونسل آف پاکستان کے انتخابات کے موقع پر گہما گہمی کا منظر، چھوٹی تصاویر میں خواتین ممبران اپنا ووٹ کاسٹ کررہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

آرٹس کونسل کے الیکشن 2013میں احمد شاہ اعجاز فاروقی پینل اور 8آزاد امیدواروں نے حصہ لیا۔

شہر قائد اور فن و ثقافت پینل کے امیدواروں کے الیکشن سے مکمل بائیکاٹ کے باعث ممبران کا رجحان گذشتہ سالوں کی نسبت کم دکھائی دیا ،صرف 1733ووٹ کاسٹ کیے گئے ،آرٹس کونسل کا الیکشن فنکاروں ،شاعروں، ادیبوں،اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کے لیے تہوار کی صورت اختیار کرچکا ہے ،فنکار پورے سال الیکشن کا انتظار کرتے ہیں مگر اس سال فنکاروں نے خاص دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا ورنہ تمام فنکار الیکشن کے دن اکھٹے آرٹس کونسل میں دکھائی دیتے تھے اور مختلف پینلز کے امیدواروں کی فتح کے لیے الیکشن مہم میں حصہ لیتے تھے۔

فنکاروں کی دلچسپی اور آمد کی خبر سن کر مداحوں کی بڑی تعداد ان سے ملنے کی غرض سے آرٹس کونسل آیا کرتی تھی ،الیکشن سے ایک ہفتہ قبل ہی اس کی روایتی گہما گہمی قابل دید ہوا کرتی ہے اور لوگ دفاتر سے چھٹیاں لے کر اہلخانہ کے ہمراہ اس میں حصہ لینے آتے ہیں، سال 2013 کے الیکشن میں احمد شاہ اعجاز فاروقی پینل کے امیدوار نتائج سے قبل ہی جیت کیلیے پرامید دکھائی دیے ،امیدواروں کا اطمینان دیکھ کر فیصلے سے قبل چہروں سے جیت واضح دکھائی دی۔

01

اس الیکشن میںعوام کی شرکت کم ہونے کی ایک وجہ 2پینلوں کاالیکشن سے بائیکاٹ کرنا تو تھا ہی مگر شہر کے حالات نے بھی ساتھ نہ دیا ،گذشتہ روزکراچی کے کشیدہ حالات نے عوام کو گھروں تک محدود کردیا اور لوگ بھر پور انداز میں شریک نہ ہوسکے، اس تمام صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ممبران نے اپنی مختلف رائے کا اظہار کیا، متعداد امیدواروںکے بائیکاٹ کے بعد اس سال الیکشن میں احمد شاہ اعجاز فاروقی پینل سے صدر کے امید وار محمد احمد شاہ ،نائب صدر کے امیدوار محمود احمد خان،سیکریٹری کے امید وار پروفیسر اعجاز فاروقی،جوائنٹ سیکریٹری کے امیدوار محمد امین یوسف ،خازن کی امیدوار ڈاکٹر ہما میر تھیں۔

گورننگ باڈی کے امیدواروں میں فاطمہ ثریا بجیا،قدسیہ اکبر، ڈاکٹر فوزیہ خان، منور سعید، اقبال لطیف، پروفیسر سحر انصاری ،اطہر وقار عظیم، سلمان علوی، نورالہدی شاہ،شہناز صدیقی جب کہ آزاد امیدواروں میں نائب صدر کے لیے شاہ جہاں مرزا،ممبر گورننگ باڈی کے لیے آدم راٹھور، اکبر خان ،سلیم آفریدی، ساجد علی خان، فرح زیبا، محسن رضوی، جاوید اقبال نے انتخابات میں حصہ لیا،الیکشن میں 1733ممبران نے ووٹ کاسٹ کیے۔