مسیحی برادری نے کرسمس عقیدت و احترام سے منایا

مذہبی پیشوائوں نے حضرت عیسیؑ کی تعلیمات پرروشنی ڈالی،مذہبی گیت گائے گئے


Staff Reporter December 26, 2012
کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد چرچ میں دعائیہ کلمات ادا کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی مسیحی برادری نے منگل کو کرسمس حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم پیدائش انتہائی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا۔

کرسمس کے حوالے سے خصوصی عبادات مڈ نائٹ سروسز کاآغاز پیر کی شب سے شروع ہوا جو منگل کی شام تک کراچی کے تمام گرجا گھروں میں جاری رہیں،کراچی میں کرسمس کی عبادات کی بڑی تقاریب سینٹ پیٹرک ، ہولی ٹینٹی، سینٹ پال سمیت دیگر گرجا گھروں میں منعقد ہوئیں، گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کے موقع پر مسیحی برادری کے مذہبی پیشوائوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پرروشنی ڈالی اور کہا کہ حضرت عیسیؑ نے دنیا بھر میں محبت اور امن کا پیغام پھیلایا اور تشدد کی مذمت کی۔

02

اس موقع پر مذہبی گیت گائے گئے اور ملک کی ترقی، سالمیت، خودمختاری اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، شہر کی مسیحی آبادیوں میں کرسمس کے موقع پر رونقیں دیکھنے میں آئیں، مسیحی عوام ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد دیتے رہے اور اس موقع پر کرسمس کیک اور تحائف بھی دیے گئے، تمام مسیحی برادری نے گھروں کو خوبصورتی سے سجا یا اور کرسمس ٹری لگائے تھے،کرسمس کے حوالے سے شہر کے ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔