کارکنوں کوسازش کے تحت شہید کیا جارہا ہےمولانا احمد لدھیانوی

مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 18جنوری کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا دیں گے


Staff Reporter December 27, 2012
کارکن سمیت پولیس اہلکاروںکے ورثا کومعاوضہ ادا کیا جائے،سربراہ اہلسنّت والجماعت. فوٹو: رائٹرز

اہلسنّت والجماعت کے سربراہ مولانا محمداحمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ ہمارے رہنماؤں اورکارکنوں کوسازش کے تحت شہید کیا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر حکومت نے شہید رہنماؤں اور کارکنوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے سمیت دیگر مطالبات تسلیم نہیں کیے تو 18جنوری کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا، مولانا اورنگزیب فاروقی پر حملہ کرنے والے دہشت گرد غیر ملکی اور تربیت یافتہ تھے، وہ بدھ کو اسپتال چورنگی لانڈھی میں گذشتہ روز نیپا چورنگی پر مولانا اورنگزیب فاروقی پر قاتلانہ حملے کے دوران جاں بحق ہونیوالے اہلسنت والجماعت کے کارکن عبدالوکیل اور گارڈن ہیڈکوارٹرز میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔

01

قبل ازیں مولانا محمد احمد لدھیانوی نے جاں بحق ہونیوالے اہلسنّت والجماعت کے کارکن عبدالوکیل کی نماز جنازہ پڑھائی ،نماز جنازہ کے بعد جاں بحق عبدالوکیل کو نیو مظفر آباد قبرستان لانڈھی میں سپردخاک کردیا گیا جبکہ مولانا اورنگزیب فاروقی کے گن مین عبید الرحمن کی میت تدفین کے لیے ان کے آبائی گاؤں رحیم یار خان روانہ کردی گئی،پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ مطالبات کی منظوری کے لیے اہلسنّت والجماعت کا پرامن لانگ مارچ 11جنوری سے کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا اور 18مارچ کوپارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا،انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید ہونیوالے اہلسنّت والجماعت کے کارکنوں سمیت پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کیا جائے ۔