ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بحیثیت گورنر سندھ10 برس مکمل

طویل عرصے تک گورنری کا شرف، عوام نے سیاسی اور سماجی خدمات کو سراہا.


Staff Reporter December 27, 2012
طویل عرصے تک گورنری کا شرف، عوام نے سیاسی اور سماجی خدمات کو سراہا۔ فوٹو: فائل

ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بحیثیت گورنر سندھ10 برس مکمل ہوگئے۔

انھیں 27 دسمبر 2002 ء کوسندھ کے31ویں گورنرکے طور پر صوبے کے سب سے کم عمرگورنر بننے کا اعزاز حاصل ہوا ، پھر ملک کے کسی بھی صوبے کے سب سے طویل عرصے تک گورنر رہنے کا شرف بھی انھوں نے ہی پایا ، آج ہر طبقے کے لوگ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی بہترین صلاحیتیوں ، سیاسی و انتظامی تدبر ، معاملہ فہمی ، بردباری ، صبر و تحمل ، نرم مزاجی ، رواداری اور انتھک محنت کے معترف ہیں۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان کی ان مثالی خدمات پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی انھیں اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان امتیاز سے نوازا ، دنیا کے ساتویں بڑے شہر کراچی کی ترقی کے لیے ان کا وژن اور اس کو عملی صورت دینے کے لیے انفرا اسٹرکچر کی فراہمی اور بے شمار ترقیاتی منصوبے بھی ایک مثال ہے ،گذشتہ دنوں معصوم لیلیٰ کی اپیل پر انھوں نے جس طرح فہم اور فراست سے صومالی قزاقوں سے مرچنٹ نیوی عملے کو رہائی دلوائی اس اہم خدمت پر انھیںبین الاقوامی پذیرائی بھی ملی۔

02

اندرون سندھ سے شائستہ عالمانی کی فریاد ہویا معصوم لیلیٰ کی پکار ، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے جس طرح داد رسی کی اس نے محمد بن قاسم کی یاد دلادی ،ان دس برسوں کے دوران ڈاکٹر عشرت العبا د خان نے صوبے کو جس طرح سنگین بحرانوں سے خوش اسلوبی سے نکالا، اس کی مثال کم ہی ملے گی ،ہر شعبہ زندگی کے لوگوں سےرابطہ اور ان کے مسائل حل کرانے کیلیے کو شاں رہنا ان کا طرہ امتیاز ہے۔

یہ ہی وجہ ہے کہ مسئلہ صنعتی وکاروباری برادری کا ہو یا کسی اور طبقے کا وہ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے رابطہ کرتے ہیں، مستحق نامور شخصیات کے لیے لیجنڈ ٹرسٹ کا قیام ، باغ ابن قاسم ، ترقیاتی کاموں ،جامعات میں تحقیق و تدریس کے شعبوں میں مثالی ترقی، اعلٰیٰ تعلیم کے شعبے میں انرولمنٹ میں دگنا اضافہ اور متعدددیگر خدمات سمیت تعلیم ،صحت، صنعت و تجارت ، کھیل و ثقافت اور خاص طور پر امن کے قیام کے لیے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کی مثالی خدمات کا احاطہ مختصر طور پر ممکن نہیں ۔