شاہ زیب کاقتل تفتیشی ٹیمیں سکھر اور بدین روانہ

مختلف مقامات پر چھاپے،کوئی گرفتاری نہ ہوسکی، پولیس کو اہم شواہد مل گئے.


Staff Reporter December 27, 2012
شاہ زیب کی یاد گار تصویر

ڈیفنس میں3 روز قبل ڈی ایس پی کے جواں سال اور اکلوتے بیٹے کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے اپنی کوششیں تیز کردیں جبکہ تفتیشی پولیس کو اہم شواہد بھی مل گئے۔

تفصیلات کے مطابق 3 روز قبل پیر اور منگل کی شب ڈیفنس فیز5 میں معمولی تنازع پر فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے ڈی ایس پی اورنگزیب کے جواں سال اور اکلوتے بیٹے شاہ زیب کے قتل کے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں، ڈی ایس پی اورنگزیب کے بیٹے کے قتل کے تفتیشی افسران نے ذرائع کو بتایا کہ پولیس نے کنٹری کلب اپارٹمنٹ، خیابان جانباز اور کھڈا مارکیٹ دیگر مقامات پر چھاپے مارے ہیں تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔



انھوں نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے پولیس اپنی پوری کوشش کر رہی ہے اور اس ہی سلسلے میں مختلف ٹیمیں سکھر اور بدین بھی روانہ کردی گئی ہیں، انھوں نے بتایاکہ اب تک کی جانے والی تفتیش میں پولیس کو اہم شواہد ملے ہیں، انھوں نے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 5 خالی خول ملے ہیں جنھیں فارنسک ڈویژن بھجوادیا گیا ہے جبکہ متوفی شاہ زیب کی گاڑی کی ایف ایس ایل رپورٹ بھی کرالی گئی ہے،تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان چاہیے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں انھیں ضرور گرفتار کیا جائے گا۔