برنس روڈ غیر قانونی تعمیرات سے عمارت کی بالکونیاں منہدم

متعلقہ ادارے کو کئی بار تحریری شکایات کی گئی تاہم غیرقانونی تعمیرات کو نہین روکا گیا۔


Staff Reporter December 28, 2012
عمارت کے ایک رہائشی نے گراؤنڈ فلور پرغیرقانونی دکانیں تعمیر کرنے کیلیے متعلقہ ادارے کو رشوت دے کر اجازت نامہ حاصل کیا ۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: برنس روڈپر سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے واقع عمارت اکبرمحل میں دکانوں کی غیرقانونی تعمیرات کے باعث جمعرات کی شام بلڈنگ کی تین منزلوں کی بالکونیاں گرگئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عمارت کے مخدوش ہونے کے باعث فائر بریگیڈ، ایمبولینس اور اسسٹنٹ کمشنر عطا اللہ نوریو بھی موقع پر پہنچ گئے اور ان کی نگرانی میں مکینوں کوبحفاظت دوسری جگہ منتقل کیا گیا، مکینوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کو فوری طور پر بند کیا جائے اور عمارت کی تعمیر ومرمت کرکے اسے مکینوں کیلیے محفوظ بنایا جائے، مکینوں نے بتایا کہ عمارت کے ایک رہائشی نے گرائونڈ فلور پرغیرقانونی دکانیں تعمیر کرنے کیلیے متعلقہ ادارے کو رشوت دے کر اجازت نامہ حاصل کیا اور باآسانی دکانوں کی تعمیرات شروع کردیں جبکہ مکینوں کے احتجاج پر انھیں ڈرا دھمکا کر خاموش کردیا گیا۔

01

مکینوں نے بتایا کہ غیرقانونی تعمیرات کے باعث عمارت مخدوش ہوگئی ہے اور دیگر منزلوں کے مہندم ہونے کا بھی خدشہ ہے جس سے بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان کا خطرہ ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے کو کئی بار تحریری شکایات کی گئی تاہم غیرقانونی تعمیرات کو نہ روکا گیا، غیرقانونی تعمیرات کیخلاف جلد ہی عدالتی چارہ جوئی کریں گے اور ذمے دار افراد کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔