مصباح پرچیپل کے ’زہربھرے‘ لفظی تیروں کی بارش

پاکستان کوسڈنی ٹیسٹ سے پہلے42 سالہ کپتان کو باہر کردینا چاہیے تھا، سابق کرکٹر


Sports Desk January 04, 2017
ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کھلاڑی پر چھوڑنا بکواس ہے، پرفارمنس اچھی نہیں توفارغ کریں ۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI: آسٹریلیا کے سابق کپتان ای ین چیپل نے مصباح الحق پر 'زہربھرے' لفظی تیروںکی بارش کردی، انھوںنے کہا کہ پاکستان کو تو سڈنی ٹیسٹ سے پہلے ہی 42 سالہ کپتان کو ٹیم سے باہر کردینا چاہیے تھا، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ پلیئر پر چھوڑنا بکواس ہے، کسے کھیلنا ہے اورکسے نہیں یہ طے کرنا سلیکٹرز کا کام ہے، اگر ان کی پرفارمنس اچھی نہیں تو انھیں فارغ کریں۔

تفصیلات کے مطابق سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی ٹیم کے ہاتھوں پاکستانی بولرز کی درگت بنتے دیکھ کر خود آسٹریلیا کے سابق کپتان ای چیپل بھی غصے میں بھڑک اٹھے، انھوں نے مہمان قائد پر تنقید کے تیروں کی بارش کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ سے پہلے ہی مصباح کو فارغ کردینا چاہیے تھا۔ انھوں نے ایک ریڈیوانٹرویو میںکہا کہ کھیلنا چاہتے ہیں یا نہیں یہ مصباح پر چھوڑدیا گیا حالانکہ فیصلہ کرنا سلیکٹرز کا کام ہے۔

چیپل نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا ٹیم میں شمولیت کیلیے مصباح کی فارم کافی ہے تو اس کا جواب ہے اس وقت تو وہ بالکل بھی جگہ بنانے کے اہل نہیں ہیں، ان کی کپتانی بہت ہی عام قسم کی ہے اور بیٹنگ تو انتہائی خوفناک ہے، انھیں تو باہر کردینا چاہیے تھا خاص طور پر اس سیریز سے جس کا پہلے ہی فیصلہ ہوچکا ہے، وہ اس وقت 42 برس کے ہیں، سڈنی میں ان کی جگہ کسی ایسے کو دی جاتی جس کا آپ کھیل میں مستقبل دیکھتے ہیں، اس کے بجائے یہ انتظار کرنا کہ کب مصباح خود ریٹائر ہونا چاہئیں گے مکمل طور پر بکواس ہے، اگر وہ زیادہ بہتر نہیں تو انھیں فارغ کریں۔