بنگلہ دیش کی چالاکی پر پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز

پاک بھارت سیریز ایشز سے بڑی ہوتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی مقابلوں کا تسلسل جاری رہنا چاہیے۔


Sports Reporter December 29, 2012
اگر بنگلہ دیشی ٹیم آئی تو ہم بھی ان کیلیے کچھ قربانی دیں گے، ذکا اشرف فوٹو: اے ایف پی / فائل

بنگلہ دیش کی چالاکی پر پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ اگر ٹائیگرز دورے پر نہ آئے تو ہم بھی کھلاڑیوں کو بی پی ایل کے لیے این او سی دینے کا فیصلہ مصروفیات دیکھنے کے بعد کریں گے۔

ان کے مطابق پاک بھارت سیریز ایشز سے بڑی ہوتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی مقابلوں کا تسلسل جاری رہنا چاہیے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہوجائے گی، انھوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز لاہور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ مسلسل پاکستان کو بے وقوف بناتا چلا آ رہا ہے، پہلے ٹور کے سہانے خواب دکھا کر مصطفیٰ کمال کو آئی سی سی کا نائب صدر بنوایا اور 20 پاکستانی کرکٹرز کو اپنی لیگ کیلیے بلوا لیا، اس کے بعد عدالتی فیصلے کی آڑ لے کر دورے سے انکار کر دیا۔

اب جب پی سی بی کے ہاتھ اس کی دکھتی رگ آئی اور کسی پاکستانی پلیئر کو بنگلہ دیشی لیگ کیلیے این او سی جاری نہیں کیا گیا تو پھر ٹور کے سبز باغ دکھانئے جانے لگے، مگر اب پی سی بی مزید بے وقوف بننے کو تیار نہیں، یہی وجہ ہے کہ چیئرمین ذکا اشرف نے واضح کر دیا کہ اگر بنگلہ دیشی ٹیم آئی تو ہم بھی ان کیلیے کچھ قربانی دیں گے،اگر وہ نہیں آتے تو ہم بھی کھلاڑیوں کے شیڈول کو دیکھیں گے،اس کے بعد ملک کے مفاد میں جو بہتر لگا وہی فیصلہ کریں گے، ہم ٹائیگرز کے دورے کا انتظار کر رہے اور گیند انہی کے کورٹ میں ہے ۔

3

اگر وہ پاکستان آئے تو صوبائی حکومتیں بہترین سیکیورٹی فراہم کریں گی اور بہترین مہمان نوازی کرینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ٹور کے حوالے سے بھارتی بورڈ کے سربراہ سے بات کی تھی تو انھوں نے کہاکہ آپ کا ملک سیکیورٹی فراہم کرے تو ہم آنے کو تیار ہیں، ہمارے تمام کرکٹ بورڈز بشمول آئی سی سی سے بہترین تعلقات ہیں ۔

دریں اثنا دیگر معاملات پر بات چیت کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ پاک بھارت سیریز ایشز سے اہم ہوتی ہے، روایتی حریف کے مقابلوں کو شائقین بیحد پسند کرتے اور میچزکی ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوجاتی ہیں، جس طرح بھارت میں لوگوں کو کرکٹ میں دلچسپی ہے اسی طرح پاکستانی شائقین بھی اس کھیل سے پیار کرتے ہیں،وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحا ل ہوگی۔ چیئرمین نے کہا کہ پی سی بی نے تمام سیاسی جماعتوں کو پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کی دعوت دی، ہم سیاست سے بالاتر ہوکر کھیل کو فروغ دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مصباح الحق نے بھارت روانگی سے قبل مجھ سے درخواست کی تھی کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے کچھ کھلاڑی ون ڈے اسکواڈ میں بھی لینا چاہتے ہیں، جس پر میں نے کہا کہ پرفارمنس کی بنیاد پر جس پلیئرکا کہیں گے ہم ضرور ٹیم میں شامل کریں گے۔