پاک کالونی ملزمان کی گرفتاری پر ہنگامہ 3گاڑیاں نذر آتش

بھتہ خوروں اور منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے اسلحہ ، دستی بم اور منشیات برآمد کرلی


Staff Reporter July 28, 2012
پاک کالونی میں مشتعل افراد کے ہاتھوںنذرآتش کی جانے والی منی بس سے شعلے بلند ہو رہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

ویسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عبد الرحمن بلوچ عرف ڈکیت کے بھانجے سمیت27 ٹارگٹ کلرز ، بھتہ خوروں اور منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے اسلحہ ، دستی بم، گولیاں اور منشیات برآمد کرلی ، رحمٰن ڈکیت کے بھانجے اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف مشتعل افراد نے پاک کالونی بڑا بورڈ کے قریب ہنگامہ کرتے ہوئے3گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا

جبکہ سائٹ تھانے کا گھیراؤ کر کے اندر کھڑی ہوئی 2 گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے ، ہنگامے کے باعث پاک کالونی کا علاقہ میدان جنگ بن گیا جبکہ پولیس اور رینجرز کی کہیں بھی رٹ دکھائی نہیں دی، تفصیلات کے مطابق ویسٹ پولیس زون پولیس نے مومن آباد کے علاقے فقیر کالونی سے 5 روز قبل حراست میں لیے گئے

لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عبد الرحمن بلوچ عرف ڈکیت کے بھانجے شہزاد عرف تیجا ولد شیر محمد ، رانا عتیق عرف گلو ولد محمد حنیف ، عامر انصاری ولد صابر انصاری ، کامران اور داؤد عمران ولد عبد الرحمن کو گرفتار کر کے ایک سب مشین گن ، ایک دستی بم ، 2 ٹی ٹی پستول اور 80 سے زائد مختلف اقسام کے اسلحہ کی گولیاں برآمد کر لیں ، جمعے کو ڈی آئی جی ویسٹ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ملزمان کی گرفتاری ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزم شہزاد عرف تیجا قتل کی 14جبکہ رانا عتیق قتل کی 4 وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہیں

شہزاد نے 1992 سے جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے ، عبدالرحمن بلوچ عرف ڈکیت کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد شہزاد عرف تیجا اس کے بھائی اور دیگر ساتھیوں نے بابا لاڈلا کے 3 ساتھیوں کو قتل کر دیا تھا جبکہ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ گزشتہ سال لیاری کے علاقے میں جوئے کے اڈوں پر بم حملے بھی ان ہی لوگوں نے کیے تھے،

گرفتار ملزمان نے دیگر متعدد افراد کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے جبکہ ویسٹ پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران نارتھ ناظم آباد بلاک B کھنڈو گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران16ملزمان کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں ،

پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے3 ملزمان نے متعدد افراد کے قتل ، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں کا اعتراف کر لیا ، ڈی آئی جی ویسٹ اکرم نعیم بروکا نے بتایا کہ عزیز آباد پولیس نے بھی 2 ملزمان رفیق اور شاہجہاں کو گرفتار کر کے 2 ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی