ثقلین مشتاق دورۂ بھارت کے لیے انگلش اسپنرز کو گُر سکھانے لگے

پہلے ون ڈے کے بعد واپس آ جائیں گے،اپنا ملک ہمیشہ اولین ترجیح ہے،سابق اسپنر


Saleem Khaliq January 10, 2017
پہلے ون ڈے کے بعد واپس آ جائیں گے،اپنا ملک ہمیشہ اولین ترجیح ہے،سابق اسپنر۔ فوٹو: فائل

بھارت میں ون ڈے سیریز سے قبل ثقلین مشتاق انگلش اسپنرز کو گُر سکھانے لگے ،وہ پہلے میچ کے بعد پاکستان واپس آ جائیں گے۔ ثقلین کا کہنا ہے کہ بولرز میں صلاحیت موجود ہے، انھیں بھارتی کنڈیشنز میں بولنگ کے گُر سکھانے کی کوشش کر رہا ہوں۔

ثقلین مشتاق کو دنیائے کرکٹ میں آف اسپنرز کی مسٹری گیند ''دوسرا'' کی ایجادکا اعزاز حاصل ہے، گذشتہ برس انگلش بورڈ نے بطور اسپن مشیر ان سے بھارت کیخلاف ابتدائی2 ٹیسٹ تک معاہدہ کیا تھا،اس دوران اسپنرز معین علی اور عادل رشید کی بہتر بولنگ پر انھیں تیسرے میچ کیلیے بھی روک لیا گیا، اب ون ڈے سیریز سے قبل ثقلین کو دوبارہ بھارت بلایا گیا ہے۔

ممبئی میں موجود سابق ٹیسٹ اسپنر نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو فون پر بتایا کہ میرا ای سی بی سے11 دن کا کنٹریکٹ ہے،انگلش اسپنرز کی رہنمائی کا کام شروع کر دیا۔ ان میں ٹیلنٹ موجود صرف بھارتی کنڈیشنز میں بولنگ کا طریقہ بتانے کی کوشش کر رہا ہوں،انھوں نے کہا کہ بولرز کے ساتھ میں بیٹسمینوں کو بھی بتاؤں گا کہ بھارت میں اسپنرز کا کیسے سامنا کرنا ہے، 15 جنوری کو پونے میں پہلے ون ڈے کے بعد پاکستان واپس آ جاؤں گا، واضح رہے کہ ثقلین مشتاق ماضی میں کئی بار پاکستان کی جانب سے بھارت میں کھیل چکے۔

ثقلین نے ایک بار پھر کہا کہ اپنا ملک میری اولین ترجیح ہے، جب کبھی بلایا گیا ضرور حاضر ہوں گا۔ یاد رہے انگلش ٹیم ٹیسٹ سیریز کے بعد وطن لوٹ گئی تھی، اب تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے دوبارہ بھارت آئی ہے، پہلے ون ڈے سے قبل وہ 2 وارم اپ میچز بھی کھیلے گی۔40 سالہ ثقلین نے نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے سلو بولرز کی بھی کوچنگ کی ہے۔