بریتھ ویٹ کوآسٹریلیا میں ’’مانگی ہوئی‘‘ چیزوں سے پہلا میچ کھیلنا پڑگیا

بریتھ ویٹ ہوبارٹ ہوریکینز کیخلاف میچ سے قبل ٹیم میں پہنچے مگر ان کے پاس اپنا سامان نہیں تھا۔


Sports Desk January 10, 2017
بیٹ کے لیے ہوریکینز ویمنز ٹیم میں شامل ہموطن ہیلی میتھیوز سے رابطہ کیا، کارلوس۔ فوٹو : فائل

ہنگامی طور پر بگ بیش ٹیم سڈنی تھنڈر کا حصہ بننے والے ویسٹ انڈین کرکٹر کارلوس بریتھ ویٹ کو''مانگی ہوئی'' چیزوں سے پہلا میچ کھیلنا پڑا۔

کارلوس بریتھ ویٹ اپنی بیگم کے ہمراہ یورپ میں چھٹیاں منا رہے تھے جب انھیں انجرڈ آندرے رسل کے متبادل طور پر سڈنی تھنڈر نے طلب کیا۔ بریتھ ویٹ ہوبارٹ ہوریکینز کیخلاف میچ سے قبل ٹیم میں پہنچے مگر ان کے پاس اپنا سامان نہیں تھا جس کو بارباڈوس سے یہاں پہنچنے میں کچھ وقت لگا، انھوں نے کہاکہ مجھے ساتھی کھلاڑی پیٹ کمنز نے اپنے جوتے دیے، بیٹ کے لیے ہوریکینز ویمنز ٹیم میں شامل ہموطن ہیلی میتھیوز سے رابطہ کیا،گلوز سڈنی میں موجود ایک دوست نے مہیا کیے، اس طرح وہ میدان میں اترے اور چار بالز پر6 رنز بنائے۔

اس تمام واقعے کے بعد ایک شائق کا کہنا تھا کہ بیٹ کارلوس کے ہاتھ میں 'ٹوتھ پک' کی طرح دکھائی دے رہا تھا۔