قائد اعظم ٹرافی کرکٹ لاہور شالیمار کیخلاف کراچی وائٹس مشکلات کا شکار

کراچی وائٹس کو لاہور شالیمار کےخلاف30رنزکی برتری،فیصل اقبال کی سنچری نے کوئٹہ کیخلاف کراچی بلوز کی پوزیشن مستحکم


Sports Reporter December 30, 2012
بہاولپور نے فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 3 وکٹ پر 89 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی میں کراچی وائٹس کی مضبوط ٹیم لاہور شالیمار کے خلاف مشکلات کا شکار ہوگئی اور دوسری اننگز میں 54 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔

خرم منظور کے بعد کپتان فیصل اقبال کی سنچری نے کوئٹہ کیخلاف کراچی بلوز کی پوزیشن مستحکم بنا دی،ایبٹ آباد نے حیدرآباد کیلیے پریشانی کھڑی کردی، سیالکوٹ اور اسلام آباد میں دوسرے روز بھی بارش اور خراب روشنی کے باعث میچز شروع نہ ہوسکے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوسرے روزکراچی وائٹس نے دوسری اننگز میں4 قیمتی وکٹیں گنواکرصرف54رنز بنائے، اس سے قبل لاہور شالیمار نے پہلی اننگز میں254 رنز بنا کر84کی سبقت حاصل کی، عثمان صلاح الدین 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ان کی اننگز میں5 چوکے شامل تھے،فہدالحق نے39اور عمر صدیق نے31رنز اسکور کیے،میزبان ٹیم نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک درجن کیچز چھوڑے، محمد سمیع نے77 رنز دے کر5کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا،میر حمزہ نے 54 اور عاطف مقبول نے 80 رنز دے کر بالترتیب 3 اور 2وکٹیں حاصل کیں،کراچی وائٹس کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی سنبھل کر نہ کھیل سکی،خالد لطیف اور فواد عالم کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہو گئے، پہلی اننگز میں6 وکٹیں حاصل کرنے والے اعزاز چیمہ نے دوسری باری میں16 رنز دے کر2پلیئرز کو آئوٹ کر دیا۔

1

کراچی وائٹس کو مجموعی طور پرمحض30 رنز کی برتری حاصل اور 6وکٹ محفوظ ہیں۔ این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر28رنز بنائے،قبل ازیں کراچی بلوز نے9 وکٹ پر 502 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی،کپتان فیصل اقبال نے 117 رنز اسکور کیے جس میں 15چوکے شامل رہے،اکبر رحمان 54اور تنویر احمد 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،کوئٹہ کو میزبان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید474رنز درکار ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 170 رنز بناکر رخصت ہوگئی۔

میر علی نے8 مرتبہ گیند کو بائونڈری پار پہنچاتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی، عقیل انجم نے 42 رنز جوڑے،یاسر شاہ نے 68 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوںکو ڈریسنگ روم کی راہ دکھائی،فضل ربی اور خالد عثمان نے 2،2 وکٹیں لیں،ایبٹ آباد نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 61 رنز بنائے، یوں اسے 119 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔

سرگودھا کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں بہاولپور نے فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز میں3وکٹ پر 89 رنز بنائے،عثمان طارق 39 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، نصیر طارق کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں،پہلے روز کا کھیل خراب روشنی کی نظر ہوگیا تھا، دریں اثنا گجرات میں دوسرے روز بھی خراب موسم کے سبب کھیل شروع نہ ہوسکا ،اسلام آباد کے ڈائمنڈ اسٹیڈیم میں بھی دوسرے روز کا کھیل دھند کی نذر ہو گیا۔