گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کی رحلت

ایڈیٹوریل  جمعـء 13 جنوری 2017
۔ فوٹو : فائل

۔ فوٹو : فائل

گورنر سندھ اور سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس (ر)سعیدالزماں صدیقی بدھ کے روز کراچی کے نجی اسپتال میں 79 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، حکومت سندھ کی جانب سے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا۔ واضح رہے سعیدالزماں صدیقی کو ڈاکٹر عشرت العباد کی رخصت کے بعد صوبہ سندھ کے گورنر کا عہدہ دیا گیا تھا لیکن ان کی طبیعت عہدہ سنبھالنے سے لے کر بدستور خراب تھی، جس کے باعث وہ زیادہ عرصہ اسپتال میں زیر علاج رہے۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق بدھ کے روز گورنر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، انھیں سینے میں تکلیف اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس پر انھیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور حرکت قلب بند ہونے سے وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، مرحوم نے بیوہ اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑا ہے۔ سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر بن گئے، وہ نئے گورنر کی نامزدگی اور حلف برداری تک قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔

سعید الزماں صدیقی یکم دسمبر 1938ء کو بھارت کے شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئے تھے، وہاں سے ان کی فیملی نے مشرقی پاکستان ہجرت کی۔ انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ڈھاکا میں حاصل کی اور پھر کراچی آگئے، بعد ازاں اسلام آباد میں سکونت اختیار کی۔ انھوں نے کراچی یونیورسٹی سے گریجویٹ کیا اور بعد ازاں قانون کی تعلیم حاصل کی۔ انھوں نے 1963ء میں ہائی کورٹ اور 1986ء میں اپیکس کورٹ میں بحیثیت وکیل خدمات انجام دیں۔ انھوں نے بار کے الیکشنز میں بھی حصہ لیا اور مختلف عہدوں پر تعینات رہے یہاں تک کہ مئی 1980ء میں سندھ ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے فائز ہوئے۔

دس سال بعد وہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے اور مئی 1992ء میں سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا۔ ان کا تقرر پاکستان کے پندرھویں چیف جسٹس کے طور پر یکم جولائی 1999ء سے 26 جنوری 2000ء تک رہا۔ جسٹس سعید الزماں صدیقی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس بلند ہمت مرد دانا نے آمر وقت کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے بجائے پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے کو ترجیح دی، جس کی پاداش میں انھیں شدید دباؤ اور اہل خانہ سمیت نظر بندی کا سامنا کرنا پڑا۔

2008ء میں ن لیگ نے انھیں اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا۔ سعید الزماں صدیقی سندھ کے31 ویں گورنر تھے، انھوں نے 11 نومبر 2016ء کو گورنر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، اس طرح وہ صرف 2 ماہ 2 دن گورنر کے عہدے پر فائز رہے۔ وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ قانون و انصاف کے لیے سعید الزماں صدیقی کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اﷲ مرحوم کی مغفرت فرمائے (آمین)

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔