پیپلزپارٹی کا فوجی عدالتوں میں توسیع کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ

فوجی عدالتوں کی مخالفت میں ٹھوس موقف اپنایا جائے، زرداری کی خورشید شاہ کو ہدایت


/staff Reporter January 13, 2017
وفاق آگ سے کھیل رہاہے، زرداری، ٹیکسٹائل سیکٹر کیلیے وزیراعظم کاپیکیج مسترد۔ فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی نے فوجی عدالتوں کی توسیع کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنز کے صدرآصف زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو مخالفت کی ہدایت کردی ہے۔ انھوں نے پارٹی رہنماؤں کو کھاد پر سبسڈی ختم کرنے کے خلاف پارلیمنٹ میں اور پارلیمنٹ کے باہرآواز اٹھانے کی ہدایت کی۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ملاقات میں آصف زرداری نے ہدایت دی کہ پیپلزپارٹی فوجی عدالتوں کی توسیع کی نہ صرف مخالفت کرے بلکہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر اس پر ٹھوس موقف اپنایا جائے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ فوجی عدالتوں سے متعلق 17 جنوری کے اجلاس میں ٹھوس موقف اپنایاجائے، آصف زرداری نے کہاکہ ڈاکٹرعذرافضل اورایازسومرو اسپیکر ایاز صادق کی وطن واپسی کے بعد اپنے استعفے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادیں۔

علاوہ ازیں کراچی سے اسٹاف رپورٹرکے مطابق آصف زرداری نے وزیراعظم کی جانب سے ٹیکسٹائل سیکٹر کیلیے اعلان کردہ پیکیج کو مسترد کرتے ہوئے اسے بہت کم اور بہت دیرسے قرار دیا ہے۔ آصف زرداری نے حکومت کی جانب سے کھاد پر سبسڈی واپس لینے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظالمانہ اورغیرانسانی فیصلہ ہے، غریبوں کے خلاف سازش ہے اور دیہی عوام کے خلاف بھی سازش ہے۔