ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری پرنیا تنازعہ کھڑا ہوگیا

ویب ڈیسک  منگل 17 جنوری 2017
نومنتخب صدر اپنی والدہ کی جانب سے بچپن میں دی گئی بائبل پر حلف اٹھانا چاہتے ہیں، منتظمین فوٹو: فائل

نومنتخب صدر اپنی والدہ کی جانب سے بچپن میں دی گئی بائبل پر حلف اٹھانا چاہتے ہیں، منتظمین فوٹو: فائل

واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے تاہم اس سے قبل بائبل پر حلف لینے کے معاملے نے تنازعہ کھڑا کر دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ضد پکڑ لی ہے کہ وہ اس بائبل پر حلف لینے کے لئے تیار ہیں جس پر ابراہم لنکن اور ان کے بعد آنے والے تمام صدور نے حلف اٹھایا تاہم وہ ساتھ ہی بچپن میں والدہ کی جانب سے دی گئی بائبل پر بھی حلف اٹھائیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی ضد کے بعد حلف برداری تقریب کی کمیٹی کو بیان جاری کرنا پڑ گیا جس کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 1951 میں گریجویشن مکمل کرنے پر ماں کی جانب سے اس وقت دی گئی بائبل پر حلف اٹھانا چاہتے ہیں جب کہ وہ اس بائبل پر بھی حلف لیں گے جس پر صدر اوباما اپنے عہدے کا 2 مرتبہ حلف اٹھا چکے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ جس بائبل پر حلف اٹھانا چاہتے ہیں یہ وہی ہے جسے وہ ستمبر 2015 میں ویلیوز ووٹر سمٹ میں لے کر پہنچ گئے تھے اور اپنے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ اس کتاب میں میری والدہ نے میرا اور میرے گھر کا پتہ لکھا تھا اور اسے میں ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتا ہوں۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انسانی حقوق کے نامور کارکن جان لیوس کو تنقید کا نشانہ بنانے پر 40 سے زائد ڈیموکریٹک ارکان نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس کے لئے صدارتی محل میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔