انضمام الحق کی فیکا وفد کو دورہ پاکستان کی دعوت

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 18 جنوری 2017
پی ایس ایل فائنل سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کاآغاز ہو گا،چیف سلیکٹر ۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل فائنل سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کاآغاز ہو گا،چیف سلیکٹر ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  سابق قومی کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیدی ہے۔

انضمام الحق نے کہا ہے کہ فیکا کا وفد ہمارے ملک آ کر یہاں کے حالات کا جائزہ لے، پاکستان کرکٹ کیلیے محفوظ ملک بن چکا ہے، پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا آغاز ہو گا، میں ملک میں عالمی مقابلوں واپسی کیلیے پُرامید ہوں۔

گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانا خوش آئند ہے، ملک میں بڑے ایونٹ  کاکامیاب انعقاد کرانے کیلیے پی سی بی بھرپورکوششیں کر رہا ہے، حکومت سے مشاورت کے بعد تمام معاملات کو حتمی شکل دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور پوری دنیا نے دیکھا کہ سیریز کتنی کامیاب رہی، پہلے کے برعکس اب پاکستان میں سیکیورٹی کے مسائل موجود نہیں ہیں۔ یہاں حالات بدل چکے اور ملک کرکٹ کیلیے محفوظ بن چکا۔

چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کا وفد جب یہاں آیا تو اس کی بھی رائے بدل جائے گی۔ ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلیے پُرامید ہے، سونے میدان جلد آباد ہو جائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔