وزیراعظم کا کرپشن پر بات کرنا ایسا ہے جیسے الطاف حسین کا دہشتگردی پر، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2017
پاناما کیس  جلد ختم ہوگا اور قوم جس انصاف کی توقع کررہی ہے وہ ملے گا، فواد چوہدری۔ فوٹو : فائل

پاناما کیس جلد ختم ہوگا اور قوم جس انصاف کی توقع کررہی ہے وہ ملے گا، فواد چوہدری۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف وزیراعظم کا بات کرنا ایسا ہے جیسے الطاف حسین کا دہشت گردی کے خلاف۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اربوں روپے باہر کیسے گئے اور واپس کیسے آئے یہ اہم سوال ہے کیونکہ حسین نواز 2005 میں سب کچھ بیچ چکے تھے تو پھر ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا، رحمان ملک کی رپورٹ اور بی بی سی کی رپورٹ دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ پیسہ کیسے باہر گیا، پشاور کے دو حوالہ ڈیلرز کے ذریعے پیسہ باہر گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے عدالت میں جواب جمع کروایا کہ وہ اپنے والد کی نہیں بلکہ دادی کے زیر کفالت ہیں جب کہ نواز شریف کی والدہ خود ان کے زیر کفالت ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ڈیووس نہ جائیں کیونکہ جب وزیراعظم وہاں کرپشن کے خلاف بات کریں گے تو پاکستان کی جگ ہنسائی ہوگی لیکن وہ ڈیووس گئے اور کرپشن پر بات کی جس پر وہاں موجود انٹرنیشنل اسپیکروں کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز دنیا میں کرپشن کی نئی داستان ہے لہذا اس بیان سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی جب کہ کرپشن کے خلاف وزیراعظم کا بات کرنا ایسا ہے جیسے الطاف حسین کا دہشت گردی کے خلاف، انہیں واپس آنا چاہیے اور مقدمے پر توجہ دینا چاہیے، یہ مقدمہ جلد ختم ہوگا اور قوم جس انصاف کی توقع کررہی ہے وہ ملے گا۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ پاناما پیپرز کے الزامات پی ٹی آئی نے نہیں لگائے، ہم صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ ان الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے جو سپریم کورٹ میں ہورہی ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلہ پر سب کو اعتماد ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔