ڈیوڈ ویلی کا کندھا بڑی چوٹ سے بچ گیا ٹی 20 سیریز کا حصہ بنیں گے

تیسرے ون ڈے کے دوران اس انجری کا شکار ہوئے تھے جس کی وجہ سے صرف 2 اوورز ہی کرپائے تھے۔


Sports Desk January 24, 2017
انگلش میڈیکل اسٹاف انجری پر نظر رکھے گا۔ فوٹو : فائل

FAISALABAD: انگلش لیفٹ آرم بولر ڈیوڈ ویلی کا کندھا کسی بڑی چوٹ سے بچ گیا۔

ڈیوڈ ویلی کا اسکین کلیئر آیا ہے، وہ کولکتہ میں بھارت کے خلاف تیسرے ون ڈے کے دوران اس انجری کا شکار ہوئے تھے جس کی وجہ سے صرف 2 اوورز ہی کرپائے تھے۔


بعد ازاں ٹیم جب ٹوئنٹی 20 سیریز کیلیے کانپور روانہ ہوئی تو ویلی کولکتہ میں ہی اسکین رپورٹ کے لیے رک گئے جس میں کسی بڑی چوٹ کی نشاندہی نہیں ہوئی۔

دوسری جانب انگلش بورڈ نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد ہی نہ صرف ٹیم کو جوائن کرلیں گے بلکہ ٹوئنٹی 20 سیریز کا حصہ بھی بنیں گے، اس دوران انگلش میڈیکل اسٹاف انجری پر نظر رکھے گا۔