14جنوری کواسلام آباد سے سب سے بڑا تحریر اسکوائر بنے گا طاہر القادری

نگران حکومت کا فیصلہ 14جنوری کو جمع ہونیوالے لوگ کریں گے، سربراہ تحریک منہاج القرآن


Staff Reporter January 02, 2013
کراچی: عزیز آباد جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کے جلسہ عام کے شرکا قائد متحدہ الطاف حسین اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری کا خطاب سن رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ14جنوری کواسلام آبادمیں جاگیردارانہ،وڈیرانہ،سرمایہ دارانہ نظام ، کرپٹ سیاسی کلچر، موروثیت اورسیاست میں چندخاندانوں کی اجارہ داری، قومی دولت لوٹنے والوں اورقرضے لے کرمعاف کرانے والوں سے نجات کا فیصلہ ہوگا۔

اس روزعوامی پارلیمنٹ میں فیصلہ ہوگاکہ عوام ملک میں کونسا نظام چاہتے ہیں،یہ عوامی مارچ نہ توانتخاب کوالتوامیں ڈالنے کیلیے ہے نہ ہی جمہوریت کوڈی ریل کرنے کیلیے ہے بلکہ یہ مارچ ملک کوبچانے،انتخابی نظام میں اصلاحات،نظام انصاف کے قیام اورملک کومضبوط وخوشحال بنانے کی جانب قدم ہے،مسلح افواج اور قومی سلامتی کے ادارے پاکستان کے تحفظ کیلیے غریب عوام کے انقلاب کی راہ میں رکاوٹ بننے کے بجائے اس انقلاب کا ساتھ دیں، سفر انقلاب کاآغازہوچکااورانشااللہ یہ سفراپنی منزل پرپہنچ کرہی ختم ہوگا۔

جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری کے استقبال کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ فرسودہ نظام سے نجات کیلیے میرے بڑے بھائی ڈاکٹرطاہر القادری نے میری جانب ہاتھ بڑھایااورہم نے انہیں اپنے گلے لگالیاہے،ہم دونوں کے ہاتھ ملنے سے غریبوں کومایوسی سے نجات ملے گی،ایم کیوایم ملک کی واحد جماعت ہے جس نے سب سے بڑی تعدادمیں سینیٹ،قومی اسمبلی،صوبائی اسمبلی اوربلدیاتی ایوانوں میں تعلیم یافتہ، باصلاحیت،باکردار اور ایماندار افراد کو بھیجا،کیاچیف الیکشن کمشنر آف پاکستان آئین پاکستان کی روشنی میں قومی دولت لوٹنے ،قرضے لیکرمعاف کرانے اورکرپشن کرکے اپنی جاگیروں میں اضافہ کرنے والوں کونااہل قراردینے کی طاقت رکھتے ہیں؟

اگروہ ایساکرنے کی طاقت رکھتے ہیں توہم آپ کے ساتھ ہیں ورنہ 14جنوری کوعوامی پارلیمنٹ میں بدعنوان لوگوں سے پاکستان کی اسمبلیوں کوپاک کرنے کافیصلہ کریںگے،میری آنکھوں میں اس وقت ہزاروں حق پرست شہداکے چہرے میری آنکھوں کے سامنے آرہے ہیں جنھیں جھوٹے الزامات عائدکرکے ماروائے عدالت قتل کردیااورآج بھی میرے28ساتھی لاپتہ ہیں،یہ امرانتہائی افسوسناک ہے کہ جن لوگوں کے آباواجدادنے20لاکھ جانوںکے نذرانے پیش کرکے پاکستان بنایاان پرجناح پوربنانے کاجھوٹااور شرمناک الزام لگایاگیا،اب شہرقائداورعلامہ اقبال کے شہرکے ملاپ سے انقلاب کاآغاز ہوچکااورپاکستان میں اس انقلاب کوآنے سے دنیاکی کوئی طاقت نہیں روک سکتی،سیاسی ومذہبی جماعتیں ملک بچانے کیلیے عوامی انقلاب کاساتھ دیں۔

اب لٹیروں سے حساب لینے کاوقت آگیاہے،میری دلی آرزو تھی کہ بلوچستان ،خیبرپختونخوا،پنجاب اوراندرون سندھ سے بھی ایم کیوایم کی طرح غریب ومتوسط طبقے کے تعلیم یافتہ، باکردا راورایماندارلوگ اسمبلیوںمیں پہنچیں لیکن ملک بالخصوص پنجاب میں حق پرستی کے پیغام کاراستہ روکنے کیلیے بہت سازشیںکی گئیں ،اب حق پرست شہداکالہورنگ لارہاہے اورحق پرستی کی اس جدوجہدمیں پنجاب سمیت دیگرصوبوں کے حق پرست عوام قومی پرچم تلے جمع ہورہے ہیں۔الطاف حسین نے کہاکہ حق سے محبت کرنے والے تمام افرادگلے سڑے فرسودہ جاگیردارانہ،بے لگام سرمایہ دارانہ نظام سے نجات کیلیے14جنوری کے عوامی مارچ میں شرکت کریں کیونکہ یہ مارچ غریبوں،مزدوروں، محنت کشوں اورغریب ومتوسط طبقے کے عوام کااجتماع ہوگا۔

02

انھوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ اگرعوامی مارچ کے سلسلے میں حکومتی یاکسی بھی جانب سے جوکوئی بھی بات کرناچاہے وہ سوبارکرے لیکن اس کافیصلہ ڈاکٹرطاہرالقادری ہی کرینگے۔ انھوں نے کہاکہ جولوگ کروڑوں روپے خرچ کرکے انتخابات میں جیت کر اربوں روپے کماتے ہیں،ایسے لوگ غریبوں کی قسمت نہیں بدل سکتے،جوسونے کاچمچہ منہ میں لے کرپیداہوتے ہوں وہ غریبوں کے مسائل سمجھ نہیں سکتے توحل کیسے کرسکتے ہیں۔ الطاف حسین نے تمام سچے دانشوروں،قلمکاروں او ر لکھاریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی انقلاب کے اس قافلے میں شامل ہوجائیں۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق الطاف حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت فوری طور پر ڈاکٹر طاہرالقادری کو سیکیورٹی فراہم کرے ورنہ رائے ونڈ کی جاگیر چھین کر غریبوں میں تقسیم کر دیں گے۔

قبل ازیں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ اور تحریک منہاج القرآن کے روح رواں پروفیسر ڈاکٹرعلامہ طاہر القادری نے جلسے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تاریخ کے اہم موڑپرہے،14جنوری کو اسلام آباددنیاکاسب سے بڑا تحریر اسکوائربننے جارہاہے،یہ تحریر اسکوائرپرامن ہوگااورخون کاایک قطرہ بھی نہیں بہایا جائیگا۔انھوں نے حلفیہ کہاکہ 14جنوری کامارچ کسی بیرونی اوراندرونی ایجنڈے کی بنیادپرنہیں ،میرے پاس اللہ پاک ،رسول اکرم اوراللہ کی کتاب سے بڑاکوئی گواہ نہیں،میں اللہ،قرآن مجیدکوگواہ بناکر کہتا ہوں کہ ایساپروپیگنڈہ کرنے والے جھوٹ کہہ رہے ہیں اگرکوئی خفیہ یاظاہری ایجنڈامیری جدوجہد کے پیچھے ہوتورب کائنات مجھے رسول اکرم ﷺ کی شفاعت سے محروم کردے ،میرا مشن صرف اللہ کی رضاہے ،میرا مشن آئین پاکستان کی بالا دستی،قائد اعظم کی جمہوریت ہے۔

شہرقائدکراچی اورعلامہ اقبال کے شہر لاہور سمیت ملک بھر کے18کروڑ عوام کااپنے چھینے ہوئے حقوق کی بحالی، جاگیرداریت ،سرمایہ داریت اوراستحصالیت کے خاتمے کیلیے اللہ تعالیٰ کی نصرت سے اکٹھا ہوجانااس بات کی علامت ہے کہ انشااللہ تعالیٰ لانگ مارچ اورسفر انقلاب منزل مقصودتک پہنچے گا،میں نے انقلاب کے کاررواں میں شرکت کی دعوت سب کو دی تھی مگرجس انداز سے الطاف حسین اور ایم کیوایم نے میری دعوت پرلبیک کہا اورغریب کیلیے اٹھنے والی آواز کاساتھ دیا اس سے یہ ثابت ہوگیاکہ ایم کیوایم نے قومی ذمے داری کا مظاہرہ کیاہے،14جنوری کواسلام آباد کی سرزمین پر عوامی پارلیمنٹ عوامی انقلاب کافیصلہ صادر کردے گی،یہ ملک انسانی وسائل اور بے انتہامالی وسائل سے مالا مال ہے،غربت کی وجہ سے ملک میںبسنے والے لوگ اپنے بچوںکو بیچنے پرمجبورکردیے گئے، بیمار دوائی کوترس گئے ، مائوںکی گودیں دود ھ نہ ملنے پرمعصوم بچوں سے محروم ہوگئیں۔

انھوں نے ایم کیوایم کے پیچھے خفیہ ہاتھ کے پیروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ جب ایم کیوایم نے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیااور14جنوری میں لاکھوں کارکنان کے ساتھ شرکت کااعلان کیاتولوگ کہتے ہیں کہ ان کے پیچھے بھی خفیہ ہاتھ اورایجنڈاہے میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب ایم کیوایم سیاسی لائنس میں بیٹھے اس وقت کوئی خفیہ ہاتھ اورایجنڈا نظر نہیں آتا،جب ملک کا وزیراعطم، صدر بننے کیلیے کوئی نائن زیرو آئے تو ایجنڈا نظر نہیں آتاجب غریبوں کی جنگ لڑنے میرے ساتھ ایم کیوایم مل گئی تویہ ایجنڈا اب کہاں سے آگیاہے اگران کے پیچھے خفیہ ایجنڈا تھاتو تب بھی تھا،جب نائن زیرو آکر صدر اور وزیراعظم بننے کی لوگ بھیک مانگتے ہیں،سب سن لیں ہمارے پیچھے کوئی ایجنڈانہیں،ہمارا ایجنڈا ہمارے آگے ہے ہم پیچھے والوں کے ایجنڈوں پر یقین نہیں رکھتے ۔

انھوں نے کہاکہ آج کراچی کے عوام کاٹھاٹھیں مارتا سمندر اس بات کا ریفرنڈم ہوگیاہے کہ قوم ظلم کے راج کو مسترد کرچکی،یہ نہیں کہاجائے کہ آئین سے بالا کام نہیں ہوگا ، آئین سے ماوراجانے کی بات کون کررہا ہے ؟ہم تو آئین اور جمہوریت سے باہر ایک قدم نہیں رکھنا چاہتے ہیں،ہم نگراں گورنمنٹ کو مکمل طور پر طاقتور ، ریفارمز ، پولیٹیکل ول رکھنے والی حکومت دیں گے ،میری تحریک کامقصد کوئی نگراں وزیراعطم بننا نہیں،رب زولجلال کی قسم مجھ فقیر کو مصلحہ پربیٹھ کروہ عزت ہے جوکسی صدر اور وزیراعظم کو نہیں، ہماری تحریک ، الطاف حسین اورایم کیوایم کا مطالبہ یہی ہے اور جو جو ہمارے ساتھ ملتے جائیں گے ہم سب کا مطالبہ مکمل غیرجانبدراانہ ہے مک مکا کے بغیرہے اور ایسا ویژن دیناہے جو ہر ایک کے مفاد کا تحفظ کرے۔

وہ اسیٹیک ہولڈر جن کی ذمہ داری ملک کی سالمیت کو بچانا ہے وہ بھی کہیں کہ یہ صحیح ہے اب ایسی کیئر ٹیکرگورنمنٹ بنے گی جس کاحکمراں کسی عمارت سے نہیں آئے گابلکہ اسلام آبادمیں عوامی پارلیمنٹ میں خوداس کافیصلہ کرے گی انھوں نے کہاکہ 60فیصد لوگ جو شریک جھوٹی جمہوریت سے مایوس ہوچکے ،پڑھے لکھے لوگ ووٹ نہیں ڈالتے ، انتخابی اصلاحات کے بغیر اعتماد بحال نہیں ہوسکتااصلاحات پہلے ہونگی اورپھر انتخاب ہوگاتو پوری قوم اعتماد کرے گی جن کوپکڑدھکڑکر ووٹ ڈالنے کیلیے لے جایاجاتا ہے ان کو پتہ ہے کہ ووٹ کا حق دار کون ہے؟سوسائٹی جس کو کرپٹ سسٹم نے تباہ کردیاہے ،افواج پاکستان اس کاحصہ ہے اس کے باوجودفوج میں آج بھی اگر کوئی سپاہی یا لیفٹینٹ بھرتی ہوتا ہے اور ترقی پاتاہے وہ میرٹ اور سسٹم کے مطابق ہوتاہے۔

افواج پاکستان میں سپاہی ، افسر رشوت سے بھرتی نہیں ہوتا ، اگر افواج پاکستان کے ادارے میں میرت کاسسٹم چل سکتا ہے تو باقی حکومت کے سول اداروں میں میرٹ کا سسٹم کیوں نہیں چل سکتا؟۔انھوں نے سوال کیاکہ کراچی ، بلوچستان میں کب امن بحال ہوگا؟اس کا ذمہ دار کون ہے ؟پنجاب سے کرپشن ، ڈاکا ، ظلم کب ختم ہوگااور اس کاذمہ دار کون ہے ؟ پورا ملک ذبح ہو رہا ہے،ہمیں پاکستان کے تمام جسم کے ٹکڑوں کوایک رکھنا ہوگا ہماری جدوجہد اس کے سوا کچھ نہیں ہے ہماری غرض لالچ نہیں ہم پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں ،جو سرزمین ہند سے ہجرت کرکے اپنی جان مال چھوڑکر آئے میں ان کی جانی و مالی قربانیوں کی قیمت ادا کرنا چاہتاہوں،کوئی غریبوں کے حقو ق کی بات کرتاہے تو اسے ایجنٹ قراردیاجاتا ہے۔

مجھ پر اللہ اوراس کے رسول ﷺکے سوا کسی دنیاوی وڈیرے خاندان کایاوڈیری ریاست ادارے کاکوئی احسان نہیں،مجھ پر احسان خداکاہے ۔انھوں نے ایک ماہ میں صرف بجلی اور گیس نہ ملنے کی وجہ سے 70لاکھ سے لیکرایک کروڑ افرادکے بیروزگار ہوجانے والوں سے کہاکہ خداکیلیے 14 جنوری کو اسلام آباد پہنچیں تاکہ پوری قوم ایک بارمل کر فیصلہ کرے۔انھوں نے الطاف حسین کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ہرصوبے سے وہ قوتیں ہیں جوملک کے نظام میں تبدیلی اورغریبوں کے مقدر کی تبدیلی چاہتی ہیں وہ اس تحریک کاحصہ بن جائیں۔ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرفاروق ستار نے اپنے خطاب میں کہاہے کہ نئے سال 2013کے ساتھ ہی سفرِانقلاب پاکستان کاآغاز ہوچکا،انھون نے طاہرالقادری کونائن زیروآمد پرخوش آمدید کہااور پاکستان کو بچانے کے نئے سفرمیں ایک جیسے نظریے، ویژن اور پروگرام رکھنے والی دوشخصیات کے ملاپ پر بھی تمام اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکبادپیش کی۔